بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے مختلف حادثات و واقعات سے7 افراد ہلاک ہوگئے۔
دارلحکومت کوئٹہ کے فاطمہ جناح اسپتال میں کانگو وائرس کا ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا جبکہ کانگو وائرس میں مبتلا ایک اور مریض کو ہسپتال میں داخل کر لیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق رواں سال کانگو وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق 7 روز قبل پشین کے علاقے تورہ شاہ سے تعلق رکھنے والے 65 سالہ شیر محمد کو ناک اور منہ سے خون آنے کے باعث اسپتال لایا گیا تھا، مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد علاج شروع کر دیا گیا تھا، تاہم منگل کے روز شیر محمد جان کی بازی ہار گیا۔
دوسری جانب اسپتال انتظامیہ نے بتایا کہ کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کے رہائشی نوجوان فضل الرحمان کو بھی ناک اور منہ سے خون آنے کے باعث اسپتال لایا گیا ہے۔
رواں سال کانگو کے 30 کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے 4 خواتین سمیت 9 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اور دو مریض زیر علاج ہیں جب کہ 19مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب ضلع آواران تحصیل جھاؤ کورک سے اطلاع ہے کہ زرین ولد الہ یار سکنہ کورک پتکی نامی نوجوان نے گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کرلی ۔ تاہم خودکشی کے محرکات معلوم نہیں ہوسکے ہیں ۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز کوئٹہ کے علاقے جمعیت رائے روڈ پر دکان کی چھت مرمت کے دوران گرنے سے دکاندار ملبے تلے دب کر ہلاک ہوگیا جبکہ ایک مزدور زخمی ہوگیا۔
پی ڈی ایم اے کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر لاش اور زخمی کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا۔
جبکہ پشین کے علاقے خانوزئی میں ٹریفک حادثے میں 2 سگے بھائی ہلاک اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق خانوزئی کے علاقے دلسورہ کے مقام پر ٹرک اور کار گاڑی میں ہولناک تصادم ہوا جسکے نتیجے پشین کے گاؤں کلی یاسین زئی سیدان سے تعلق رکھنے والے دو سگے بھائی عبدالعلی اور عبدالمتین موقع پر ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو ابتدائی طبعی امداد کیلئے کوئٹہ سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دریں اثنانوکنڈی اور قلات میں ٹریفک حادثات سے 2 افرادہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو نوکنڈی کے قریب آرسی ڈی شاہراہ پر دو زمبیاد گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ڈرائیور عصمت اللہ ماندائی ہلاک جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام نے لاش اور زخمیوں کو فوری طوپر ہسپتال منتقل کر دیا۔
علاوہ ازیں قلات میں قومی شاہراہ ملکی کراس میں کوئٹہ سے خضدار جاتے ہوئے لینڈ کروزر گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار رب نوار ولد محد حسن قوم لہڑی سکنہ کھڈکوچہ عمر 22 سال موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ اسکا ساتھی عطااللہ ولد شیر محمد قوم لہڑی زخمی ہوئے ۔
نعش اور زخمی کو 1122 ریسکیوں نے DHQ قلات پہنچایا جہاں پولیس نے محکمانہ کارروائی کے بعد نعش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا ۔جبکہ پولیس نے گاڑی ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔