بلوچستان کے علاقے خاران،جھل مگسی اورمنگوچر میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات میں خاتون سمیت 3افراد ہلاک ہوگئے۔
جھل مگسی میں اسامہ نامی شخص کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے ۔
لاش ہسپتال منتقل کرنے اور ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کر دیا گیا۔
مزید کارروائی مقامی انتظامیہ کر رہی ہے۔
دوسری جانب خاران میں سبزی منڈی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق عصر کے وقت خاران بازار سبزی منڈی میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے مہراللہ ولد سہراب خان یلانزئی ساکن شہر خاران کو ہلاک کردیا۔
واقعہ کا اطلاع ملتے ہی خاران پولیس نے لاش کو سول ہسپتال منتقل کردیا اور تفتیش شروع کردی۔
دریں اثنامنگوچر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ قلات کے علاقے منگوچر میں خالق آباد کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے قبائلی شخص سردارزادہ سمیع اللہ لانگو کی گاڑی پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کے نتیجے میں سمیع اللہ لانگو زخمی جب کہ انکی اہلیہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سمیع اللہ لانگو اپنی اہلیہ کے ساتھ منگوچر سے کوئٹہ کی جانب جارہے تھے کہ منگوچر کے علاقے خالق آباد میں ان پر فائرنگ کی گئی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ سمیع اللہ لانگو پاکستان تحریکِ انصاف (بلوچستان) کے سینئر رہنما ہیں۔تاہم ان پر ہونے والے حملے کی وجوہات معلوم نہ ہوسکی ۔