ہرنائی میں دھماکا،ایک شخص ہلاک، 6 کوئلہ کانیں نذر آتش

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں بارودی سرنگ دھماکا اور6 کوئلہ کانوں کو نذر آتش کرنے کے دو مختلف واقعات میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

ضلع ہرنائی میں سڑک کنارے بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا ہے۔

لیویز حکام کے مطابق ہرنائی میں ہونے والے بارودی سرنگ کے دھماکے میں 1 شخص ہلاک جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

لیویز حکام نے بتایا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی سڑک کنارے بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دھماکا ہوا ہے۔

دھماکے کا شکار ہونے والی ٹریکٹر ٹرالی پینے کا پانی لے کر مقامی کوئلہ کان جا رہی تھی۔

لیویز حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال ہرنائی منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب ہرنائی میں گذشتہ رات نامعلوم افراد نے 6 کوئلہ کانوں کو آگ لگادی۔

علاقائی ذرائع کا کہنا ہے کہ گذشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے ہزارہ ڈیم کے مقام پر دو اور چالیس کے مقام میں چار کوئلہ کانوں کونذر آتش کردیا اور نامعلوم سمت فرار ہوگئے۔

آج صبح ضلعی حکام نے مذکورہ مقام پر پہنچ کر تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

گذشتہ مہینے کے اواخر میں ہرنائی کے علاقے خوست میں کوئل مائنز ایریا میں نامعلوم افراد نے کوئلہ کانوں میں کام کرنے والےکانکنوں کے ڈیرے پر حملہ کیا۔

Share This Article
Leave a Comment