گوادر میں دفعہ 144 نافذ،تربت میں حق دو تحریک کے رہنما گرفتار

0
151

بلوچستان کے مکران ڈویژن کے شہرگوادر اورتربت میں حالات تا حال کشیدہ ہیں۔

گوادر میں ایک مہینے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردیا گیا ہے اور گوادر سے گرفتار حق دو تحریک کے رہنما حسین واڈیلہ اور ساتھیوں کا ابھی تک کچھ پتا نہیں ہے۔

موبائل نیٹ ورک، انٹرنیٹ سب کچھ مکمل طورپربند ہیں، ہر گلی کوچے میں فورسز کا گشت جاری ہے۔

جبکہ خواتین کا دھرنا بھی جاری ہے لیکن پولیس کی مظاہرین پرلاٹھی چارج،آنسو گیس،فائرنگ وگرفتاریاں بھی بدستورجاری ہیں۔

مقامی ذرائع کے مطابق گوادر میں کرفیو کا سماں ہے۔مظاہرین کے مطالبات تسلیم کرنے کے بجائے بلوچستان حکومت نے طاقت سے کچلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب تربت میں حق دو تحریک کیچ کی جانب سے گوادر میں حق دو تحریک کے قائدین کی گرفتاری اور گوادر میں دھرنا اور مظاہروں کو سبوتاژ کرنے کیخلاف حق دوتحریک کیچ کے رہنماؤں سابق ایم این اے مولانا عبدالحق بلوچ کے فرزند صبغت اللہ شاہ اور وسیم سفر کو پولیس نے پریس کلب کے سامنے دوران احتجاج گرفتار کر لیاہے۔

تربت پولیس کے اعلامیہ کے مطابق وسیم سفرکو مقدمہ فرد نمبر 227/022 بجرم زیر دفعہ 148 149 147 447 500 504 427 353 186 میں مفرور ملزم وسیم سفر ولد سفر سکنہ زعمران حال بگ میری کو گرفتار کرکے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

تاہم ضلعی انتظامیہ کیچ نے اس کی تردیدکی ہے۔

واضع رہے پچھلے ساٹھ دنوں سے گوادر میں حق دو تحریک پرامن جمہوری احتجاج پر تھا اور سرکار سے مطالبات تھے کہ سمندر میں گجو مافیہ کو ختم کیا جائے جو سمندری حیات کی نسل کشی کررہے ہیں اور لوکل مچھیرا روزی روٹی کے لیے نالاں ہے۔روزگار پانی بجلی اور جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بند کیا جائے،بارڈر پر عام آدمی کو کاروبار کرنے دیا جائے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here