بلوچ نیشنلسٹ آرمی (بی این اے) کے ترجمان مرید بلوچ نے میڈیا کو جاری کردہ اپنے ایک پریس ریلیز میں خضدار میں ریاستی ڈیتھ سکواڈکے کارندوں کوریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنانے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
ترجمان نے کہاکہ بلوچ نیشنلسٹ آرمی کے سرمچاروں نے 19 دسمبر بروز سوموار کو خضدار شہر کے مرکزی شاہراہ عمر فاروق چوک پر ڈیتھ سکواڈ کے بدنام زمانہ سرغنہ شکیل درانی کے کارندوں پر یکے بعد دیگر ے دو ریموٹ کنٹرول بم حملے کیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سرمچاروں نے ڈیتھ سکواڈ کے کارندوں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ شکیل درانی کے ٹھکانے پر جارہے تھے۔
ترجمان کے مطابق حملے کے نتیجے میں کارندے زخمی ہوئے، دریں اثنا حملے کی زد میں آکر چند بلوچ شہری بھی زخمی ہوگئے جس پر تنظیم افسوس کا اظہار کرتی ہے۔ تاہم ہم واضح کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ یہ حملہ بلوچ راہ گیروں کو بچانے کیلئے حکمت عملی کے تحت کیا گیا تھا مگر پہلے دھماکے کے بعد چند شہری حملے کے مقام پر جمع ہوگئے جنہیں دوسرے دھماکے کے وقت نقصان پہنچا۔ ہم پہلے بھی کئی مرتبہ بلوچ عوام کو خبردار کرچکے ہیں کہ پاکستانی فوج اور ان کے آلہ کاروں پر جب کہیں بھی کوئی حملہ ہو تو وہ وہاں سے دوری اختیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ شکیل درانی پاکستانی فوج و خفیہ اداروں کا ایک اہم مہرہ ہے جو عرصہ دراز سے باپ پارٹی کے نام نہاد سیاسی لبادے میں خود کو چھپا کر اپنے کرائے کے کارندوں کے ہمراہ بلوچ نسل کشی کے تمام پہلوؤں میں کردار ادا کررہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہماری اس طرح کی کارروائیاں قابض کی بلوچستان سے مکمل انخلا اور آزاد بلوچستان کے حصول تک تیزی کے ساتھ جاری رہیں گی۔