بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف دفتر کے سامنے روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 4 ماہ سے عارضی ملازمین کو اس مہنگائی کے دور میں ڈیوٹی سر انجام دینے کے باوجودتنخواہ ادا نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے غریب ملازمین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملازمین کے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک جا پہنچی ہے متعدد بار اعلی حکام کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تا حال کوئی شنوائی نہیں ہوئی حالانکہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے غریب ملازمین کی عید بھی آرہی ہے اس کے باوجود ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ کرنا لمحہ فکریہ ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس مسئلے کے حل کے لئے محکمے حکام اپنا کردار ادا کریں اور غریب ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی بروقت یقینی بنائیں۔
مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔