سوراب: فورسز کی بھتہ خوری کیخلاف ٹرانسپورٹرز سراپا احتجاج، قومی شاہراہ بلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے سوراب میں گزشتہ شب آر سی ڈی قومی شاہراہ پرواقع کسٹم چیک پوسٹ پر جاری بھتہ وصولی کے معاملے پر ٹرانسپورٹرز اور کسٹم اہلکاروں کے مابین جھگڑے کے خلاف ٹرانسپورٹرز نے احتجاجاًقومی شاہراھ کو ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا جس کے نتیجے میں سڑک کی دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

اس دوران رات کی تاریکی اور سردی کے باعث مسافروں خصوصاً بچوں اور خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم صورت حال کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے اسمگلرز اور کسٹم اہلکار آپس میں معاملات طے کرکے باہمی رضامندی سے مسئلہ حل کردیا جس کے بعد ٹریفک رواں دواں ہوگئی۔

واضح رہے کہ سوراب میں قومی شاہراہ پر واقع کسٹم کے ناکے پر بھتہ وصولی کا سلسلہ عروج پر ہے جہاں کوئٹہ سے کراچی غیرملکی اشیا سمگلنگ کرنیوالے مافیاز سے ہفتہ وار یا ماہانہ ریٹ طے کرکے انہیں باقاعدہ کسٹم کی سرپرستی میں اسمگلنگ کی کھلی چھوٹ دی جاتی ہے اور اس مد میں ماہانہ کروڑوں روپے کی رقم جمع کی جاتی ہے جو کسٹم کے آفیسران اور ان کے اہلکاروں کے جیبوں میں چلے جاتے ہیں، گزشتہ شب سڑک بلاک احتجاج کا معاملہ بھتہ پر ہونے والے تنازع کے نتیجے میں پیش آیا۔

ٹرانسپورٹرز مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ کے حوالے سے ماہانہ بھتہ کی صورت میں سوراب کسٹم کے ساتھ حاجی چیک پوسٹ پرمعاملہ طے ہے جو باقاعدگی سے ادا بھی کیا جاتا ہے اس کے باوجود سوراب میں تین مختلف مقامات پر کسٹم کے نام پر تنگ کرکے ان سے بھتہ وصول کیا جارہا ہے جو اب ناقابل برداشت بن چکا ہے۔

ٹرانسپورٹرز کا کہنا تھا کہ وہ اب مزید یہ ظلم برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کسٹم کے اعلیٰ حکام خصوصاً وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ انہیں سوراب میں کسٹم اہلکاروں کے ناجائز بھتہ وصولی سے نجات دلائیں۔

Share This Article
Leave a Comment