کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) بلوچستان نے کوئٹہ اور حب میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران آزادی پسندتنظیموں سے تعلق رکھنے والے 4 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے دعوے کے مطابق کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دو مشتبہ افراد عبدالواجد اور جان محمد کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے پستول اور ہینڈ گرینڈ برآمد کرلئے۔
ترجمان کے مطابق دونوں مشتبہ افراد نے نغاو کے پہاڑوں میں قائم کالعدم تنظیم کے کیمپ میں تربیت حاصل کی اورکوئٹہ میں تخریب کاروں کے نیٹ ورک کی سہولت کاری کررہے تھے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے ایک اور کارروائی کے دوران حب کے علاقے ساکران روڈ پر لاسی فارم کے قریب کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 2 مشتبہ افراد دوست محمد اور محمد اسماعیل کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، ڈیٹو نیٹر، ہینڈ گرینڈ برآمد کرلئے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار مشتبہ افراد کا تعلق صحافی شاہد زہری اور حبیب شاہ پر حملہ کرنے والے گروہ سے ہے، گرفتار مشتبہ افراد کیخلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سی ٹی ڈی جعلی مقابلوں میں فورسز کے ہاتھوں پہلے سے لاپتہ افراد کے قتل اور انہیں عسکری تنظیموں سے تعلق کے الزام میں گرفتارکرنے کا دعویٰ کرتے رہتے ہیں۔جس کی وجہ سے سی ٹی ڈی مکمل طور پر ایک متنازع فورس کی شکل اختیار کرچکا ہے۔