بلوچستان کے علاقوں سوراب،پشین،پنجگوراوربیلہ میں فائرنگ،آتشزدگی اورخودکشی کے چار مختلف حادثات و واقعات میں 3سالہ بچی سمیت 4افراد ہلاک ہوگئے۔
سوراب میں مسلح افراد کی فائرنگ سے حافظ ضیاء الرحمن مینگل نامی ایک شخص ہلاک ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق مسلح افراد نے انہیں اس وقت نشانہ بنایا جب وہ ہوٹل میں اپنے دوستوں سے ملاقات کر رہے تھے۔
فائرنگ سے وہ شدید زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
دوسری جانب ضلع پشین کی تحصیل حرمزئی میں اراضی کے تنا زعہ پر دو گروپوں میں فا ئرنگ کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 5زخمی ہو گئے۔
لیویز کے مطابق گزشتہ روز پشین کی تحصیل حرمزئی کے کلی سیمزئی اورکلی کٹوان کے مکینوں کے ما بین اراضی کے تنا زعہ پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص محمد اکبر موقع پر ہلاک جبکہ رفیع اللہ، سمیع اللہ اور عبدالرشید سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
بتا یا جا رہا ہے کہ دوطرفہ فائرنگ کا سلسلہ 16گھنٹوں تک جاری رہا۔
لاش اور زخمیوں کو سول ہسپتال پشین پہنچایا گیاہے جہاں ضروری اور ابتدائی امداد کے بعد کوئٹہ ریفرر کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق لیویز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر جنگ بندی کرادی اور دونوں فریقین سے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
دریں اثنابلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی اسپورٹس سیکرٹری و پنجگور زون کے ضلعی آرگنائزر رحمدل بلوچ کے بھائی سعود احمد ولد خان محمد نے خود کو گولی مارکر خود کشی کرلی۔
پولیس و خاندانی ذرائع نے جس کی تصدیق کردی۔
علاوہ ازیں بیلہ میں سیلاب متاثرین کے خیمے میں آتشزدگی سے تین سالہ بچی ہلاک،جبکہ ایک شخص جھلس کر زخمی ہوگیا۔
بیلہ کے مضافات میں واقعہ گوٹھ محمودانی میں بدھ کے روز سیلاب متاثرین کے خیمے میں اچانک آگ بھڑکنے کے نتیجے میں تین سالہ عائشہ بنت ثنا اللہ قوم خاصخیلی ہلاک ہو گئی جبکہ ہدایت اللہ ولد ابراہیم خاصخیلی جھلس کر شدید زخمی ہوگئے۔
نعش اور زخمی کو سول اسپتال بیلا لایا گیا جہاں زخمی کو طبی امداد دی گئی اور بچی کی نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثاکے حوالے کر دی گئی۔