بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی نے پیر کے روز بلوچستان کے سیلاب زدگان کے لئے امدادی کھیپ پہنچادی ہے۔
یہ امدادی کھیپ دو ٹرکوں کے ذریعے ضلع سبی کے مختلف علاقوں میں پہنچائی گئی ہے۔ جن میں مل گشکوری، گورچینی، حمل گورگیج، مل سورانی، بل گورمزئی اور دیگر علاقے شامل ہیں۔
امدادی کھیپ میں کمبل، کپڑے، لحاف، گھی، چاول، دال، چینی، سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔ بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کے رضا کار سیلاب سے متاثرین کی بحالی کے لئے دن و رات کام کررہے ہیں۔
رضاکار متاثرین میں امدادی سامان تقسیم کرنے میں مصروف ہیں۔ اس کھیپ میں ادویات کی بھی بڑی مقدار موجود ہے۔ علاقے میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے وبائی امراض پھیل چکی ہے۔ رضاکاروں نے مریضوں میں ادویات بھی تقسیم کئے۔
واضع رہے کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کی امدادی ٹیم کو ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ جگہ جگہ طغیانی اور سیلابی پانی کی وجہ سے زمینی راستے منقطع ہوچکے تھے۔ جس کی وجہ سے امدادی سامان کی ترسیل میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کراچی کی ٹیم کو پانی کے ریلے سے گزرنا پڑا۔ تاہم ایک طویل جدوجہد کے بعد وہ ضلع سبی میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے۔