بلوچستان میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری، مزید 5افراد ہلاک، تعداد90 ہوگئی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان میں طوفانی بارش و سیلاب کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔کوہلو میں آسمانی بجلی گرنے اور کوئٹہ و جعفر آباد میں سیلابی ریلے و دیوار گرنے سے مزید 5افراد ہلاک ہوگئے۔ہلاکتوں کی کل تعداد90 ہوگئی ہے۔

ضلع کوہلو بری طرح متاثر ہوا ہے سیلابی ریلے اور آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 3افراد جان بحق اور 10زخمی ہوئے ہیں جبکہ بارشوں اور سیلابی ریلوں کی زد میں آکر سینکڑوں ایکڑ پر محیط کپاس مرچ اور ٹماٹر کی فصلیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں اور سینکڑوں سولر پلیٹ ٹوٹ گئے ہیں۔

موسلادھار بارشوں کے باعث درجنوں کچے مکانات منہدم ہوگئے جبکہ سینکڑوں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ مختلف واقعات میں درجنوں مال مویشی سیلابی ریلوں میں بیہ کر ہلاک ہوئے ہیں۔

سیلاب متاثرین بھی ابھی حکومتی امداد کی اعلانات سے لاعلم نظر آتے ہیں ان کے مطابق انہیں حکومت کی جانب سے امدادی سرگرمیاں دور دور تک نظر نہیں آرہے ہیں اور کوہلو کویٹہ شاہراہ کے مختلف مقامات و دیگر علاقوں میں رابطہ سڑکیں سیلابی ریلوں کی زد میں آکر بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔

ضلع کے دور دراز علاقوں کا تاحال ضلعی ہیڈ کوارٹر زمینی رابطہ منقطح ہے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی تشکیل کردہ سروے ٹیم نے سروے مکمل کرلی ہے لیکن تفصیلات پبلش کرنے سے گریزاں ہیں۔

اس حوالے سے متعلقہ تحصیلدار اور پٹواری سے تفصیل لینے کی بارہا کوشش کی گئی لیکن متعلقہ آفیسروں کی جانب سے آئیں بائیں شائیں کرکے تفصیل پبلش کرنے سے انکاری ہیں جس کے باعث لوگوں میں سخت مایوسی پایا جارہا ہے۔

بدھ کو کوئٹہ میں بارشوں کے باعث نوحصار میں واقعہ کلی باغزئی کلی اکبر میں سیلابی ریلے میں ڈوب کر ایک شخص ہلاک جبکہ ایک بچہ زخمی ہوگیا۔

اسی طرح جعفرآباد کی تحصیل جھٹ پٹ میں دیوار گرنے کے باعث ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

محکمہ پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں اب تک 90افرادہلاک جبکہ 63زخمی ہوئے ہیں۔

بارشوں کے باعث 3953گھروں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ قلعہ سیف اللہ میں عارضی کیمپ قائم کرکے وہاں پانی، صحت اور رہائش کی عارضی سہولیات مہیا کردی گئی ہیں ساتھ ہی کوئٹہ، قمر دین کاریز ژوب سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان روانہ کردیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کو زیارت میں 23، پشین میں 16، مسلم باغ اور مستونگ میں 06،ژوب میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ آج جمعرات کو بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بارکھان، قلات، خضدار، موسی ٰ خیل، شیرانی، زیارت، لورالائی، نصیر آباد، جعفر آباد، سبی، بولان، کوہلو، ژوب اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

Share This Article
Leave a Comment