پاکستان کے صوبہ سندھ کے مرکزی شہر کراچی میں بلوچ خواتین اور بچوں پر سندھ پولیس کی تشدد،متعددخواتین کی گرفتاری اور شیر خوار بچوں کے زخمی ہونے پر سینئر صحافی اور”سلگتا بلوچستان“کے مصنف عزیز سنگھور نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ٹوئٹر“پراپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ بلوچ خواتین کی گرفتاری کیخلاف بلوچستان کی پارٹیاں اقتدار سے مستعفی ہوجائیں۔
انہوں نے بلوچ قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی میں بلوچ خواتین اور بچیوں کی گرفتاری کے خلاف کل منگل کو پیہہ جام ہڑتال کا اعلان کرکے بلوچ دوستی کا ثبوت دیں۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اتنی کمزور ہوگئی ہے کہ خواتین اور بچوں کے پرامن احتجاج سے ڈر رہی ہے۔ اور پیپلز پارٹی جمہوریت کا دعوی کرنے والی جماعت جمہوری جدوجہد سے خوفزدہ کیوں ہورہی ہے؟۔
عزیز سنگھور نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والی برسراقتدار جماعت، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچ خواتین کی رہائی کے لئے اپنا کردار ادا کریں وگرنہ اقتدار سے مستعفی ہونے کا اعلان کردیں۔