سیکورٹی اہلکار،فورسز سے علیحدگی اختیار کر لیں ورنہ نقصان اٹھانا پڑیگا، طالبان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) نے پاکستان کے سیکیورٹی اہلکاروں کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ وہ فورسز سے علیحدگی اختیار کر لیں بصورتِ دیگر انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا۔

ٹی ٹی پی کا سیکیورٹی اہلکاروں کے نام یہ دھمکی آمیز خط حال ہی میں منظرِ عام پر آیا ہے جس میں انہیں متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ ‘بے گناہ لوگوں پر ظلم و ستم’ سے باز رہیں۔

ٹی ٹی پی نے اپنے اس خط میں اپنی سرگرمیوں کو بھی تیز کرنے کی دھمکی دی ہے۔ تاہم حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کسی بھی شدت پسند گروہ کو ریاستی عمل داری کو چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ٹی ٹی پی کا یہ خط ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب عید الفطر کے فوراً بعد جنوبی وزیرستان کے محسود قبائل کے سرکردہ رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات اور مصالحت کے لیے ایک 40 رکنی جرگہ تشکیل دیا تھا۔

جرگے کے ترجمان شیرپاؤ محسود نے ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات چیت میں فریقین سے کم از کم ایک ماہ کے لیے جنگ بندی کی اپیل کی تھی تاہم اب تک کسی بھی فریق نے اس اپیل پر کسی قسم کے ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment