بلوچستان کے علاقے نوکنڈی میں جمعرات کے روزپاکستانی فورسز نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کردیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ افغانستان سے متصل علاقے نوکنڈی میں پیش آیا ہے جہاں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت حمید اللہ ولد نظر محمد سکنہ لشکر آپ چاغی کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ شخص پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور تھا۔
سیکیورٹی اہلکاروں کے ہاتھوں ڈرائیور کی قتل کے ردعمل پر لوگوں نے فورسز کیخلاف احتجاج کیااور فورسز کیمپ پر پتھراؤ کیا۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ فورسز نے لوگوں کی ہجوم پراندھا دھند فائرنگ کی جس سے مزید8افرادزخمی ہوگئے۔
جنہیں آر ایچ سی نوکنڈی منتقل کر دیا گیا۔
مذکورہ واقعہ کے اصل محرکات تاحال سامنے نہیں آئے ہیں۔
دوسری جانب ضلع کیچ سے اطلاعات ہیں پاکستانی فورسز کی تیز رفتار گاڑی نے ایک شخص کو کچل ڈالا ہے جسکی شناخت محمد ایوب نوشیروانی کے نام سے ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ پچھلے مہینے بھی ایف سی اہلکاروں نے تُربت یونیورسٹی کے ایم فل کے طالب علم کو اسی طرح کچل ڈالا تھا اور اس سے قبل بھی ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔