جو ریفرنس اس وقت دائر نہیں کیا گیا اس کی سماعت کیسے مقرر کی گئی؟ جسٹس فائز عیسیٰ

0
192

پاکستانی سپریم کورٹ کے دوسرے سینیئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اُس لارجر بینچ کی تشکیل پر سوالات اٹھا دیے ہیں جو چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے حکومتی پارٹی سے منحرف ارکانِ قومی اسمبلی کے ووٹ کی حیثیت جاننے کے لیے دائر صدارتی ریفرینس پر سماعت کے لیے بنایا تھا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس منیب اختر کے 19 مارچ کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی پٹیشن پر جاری کردہ آرڈر پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے مذکورہ پٹیشن اور صدارتی ریفرینس کو ایک ساتھ سماعت کے لیے کیسے مقرر کر لیا جبکہ ریفرینس اس وقت دائر ہی نہیں کیا گیا تھا۔

یہ اعتراضات انھوں نے چیف جسٹس کو لکھے ایک خط میں کیے ہیں۔ اُنھوں نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پٹیشن دائر کی ہے جس میں آرڈر جاری کیا جاتا ہے اور حکومت نے اب ریفرینس دائر کیا ہے جس میں رائے دی جانی ہے، چنانچہ یہ دونوں معاملات ایک ساتھ طے نہیں کیے جا سکتے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے سیاسی جماعتوں بشمول حکمران جماعت پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے مجوزہ سیاسی جلسوں کے پیشِ نظر اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی تھی کہ وہ سیاسی تصادم اور متوقع ناخوشگوار حالات کو روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔

اسی طرح وفاقی حکومت نے اپنے ریفرینس میں سپریم کورٹ سے رائے مانگی ہے کہ آیا ان ارکانِ قومی اسمبلی کے ووٹ کی کوئی حیثیت ہے یا نہیں جو وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ میں اپنی پارٹی کے مؤقف کے برخلاف جا کر ووٹ دیں۔

یہ صدارتی ریفرنس وزیرِ اعظم عمران خان کے مشورے پر بھیجا گیا، جس کی بنیاد تحریک انصاف کے سربراہ کی طرف سے ایسے 14 اراکین کو شوکاز نوٹس ہے، جس میں ان سے پارٹی سے انحراف سے متعلق وضاحت طلب کی گئی ہے۔

جسٹس عیسیٰ نے اپنے خط میں چیف جسٹس سے مزید کہا ہے کہ بینچ کی تشکیل کے معاملے میں سابق چیف جسٹس کی جانب سے اہم آئینی سوالات کے حامل مقدمات کی سماعت کے لیے سینیئر ترین ججز پر مشتمل بینچ قائم کیا جاتا تھا جبکہ موجودہ معاملے کی سماعت کے لیے جو پانچ رکنی بینچ تشکیل دیا گیا ہے اس میں چوتھے، آٹھویں اور 13 ویں سینیئر ترین ججز شامل ہیں۔

اس ریفرنس کی سماعت کے لیے تشکیل کردہ بینچ میں چیف جسٹس کے علاوہ جمال مندوخیل، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سپریم کورٹ آف پاکستان کے اگلے چیف جسٹس اور سینیئر ترین جج ہیں تاہم انھیں اس بینچ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اس سے پہلے ججز کی تعیناتی کے حوالے سے واضح مؤقف اپناتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ کی جج جسٹس عائشہ ملک کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی مخالفت کر چکے ہیں۔

جسٹس عائشہ ملک سپریم کورٹ کے لیے نامزدگی کے وقت لاہور ہائی کورٹ کی سینیئر ترین جج نہیں تھیں۔ جسٹس عیسیٰ نے اس موقع پر جوڈیشل کمیشن کے سامنے نکتہ اٹھایا تھا کہ ججز کی سپریم کورٹ میں نامزدگی کے لیے واضح معیار ہونا چاہیے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ چونکہ اہم مقدمات کی سماعت کے لیے سینیئر ترین ججز پر مشتمل بینچز کے قیام کی روایت کو ترک کر دیا گیا ہے، اس لیے اب بینچز کی تشکیل کے لیے کوئی واضح معیار موجود نہیں ہے جس سے غیر ضروری اور ناگزیر منفی تاثرات پیدا ہوتے ہیں، خاص طور پر ان مقدمات میں جن پر پوری قوم کی نظریں لگی ہوں۔

اُنھوں نے کہا کہ اگر کوئی جج اپنے حلف کی پاسداری کرتے ہوئے ذاتی مفادات کو کام کے آڑے نہ آنے دے، ایسی کوئی بھی کوشش چاہے کتنی بھی ہو کامیاب نہیں ہو گی اگر اس کے متضاد عوامی تاثر جنم لے کیونکہ اعلیٰ عدالتوں میں ججز کے ضابطہ اخلاق کے مطابق ‘انصاف نہ صرف ہونا چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے۔’

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اپنے خط میں رجسٹرار سپریم کورٹ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ‘وزیرِ اعظم سیکریٹریٹ سے درآمد کردہ’ ایک بیوروکریٹ سپریم کورٹ کے رجسٹرار ہیں اور عام تاثر یہ ہے کہ وہی فیصلہ کرتے ہیں کہ کون سے مقدمات کی سماعت ہو گی، کب اور کس کے سامنے ہو گی، اور کون سے مقدمات بھلا دیے جائیں گے۔

اُنھوں نے اس حوالے سے قراردادِ مقاصد اور آئین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آئین میں کہا گیا ہے کہ عدلیہ اور انتظامیہ کے درمیان مکمل طور پر علیحدگی ہو گی، اس لیے ریاست کے انتظامی ستون کے کسی افسر کو بطور رجسٹرار نہیں تعینات کیا جا سکتا۔

اُنھوں نے مزید کہا کہ جہاں تک اُنھیں معلوم ہے، (چیف جسٹس کے) ہر پیشرو نے سینیئر ترین جج سے مشاورت کی کیونکہ وہ بطور ادارہ سپریم کورٹ کے تسلسل کے ضامن ہوتے ہیں، تاہم اس روایت کو ترک کر دیا گیا ہے جس کے ادارے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here