برطانیہ: پاکستانی بلاگر کے قتل کی سازش میں ملوث ملزم کو عمر قید کی سزا

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ہالینڈ میں مقیم پاکستانی بلاگر احمد وقاص گورایہ کے قتل کی سازش میں ملوث 31 سالہ برطانوی شخص محمد گوہر خان کو برطانوی عدالت میں عمر قید کی سزا سنادی گئی ہے۔

عدالت نے فیصلے میں کہا کہ گوہر خان کو پیرول کے لیے درخواست دینے کے اہل ہونے سے پہلے 13 سال سزا کاٹنی ہوگی، حراست میں گزارے گئے دن ان کی سزا میں شمار ہوں گے۔

برطانیہ کے فوجداری قانون ایکٹ 1977 کے سیکشن ون (ون) کے تحت قتل کی سازش ایک جرم ہے، اگر جرم ثابت ہوجاتا ہے تو مجرم کو چند سال سے لے کر زیادہ سے زیادہ عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔

رواں سال جنوری میں ایک جیوری نے ایک متفقہ فیصلہ دیتے ہوئے گوہر خان کو روٹرڈیم میں جلاوطن بلاگر وقاص گورایا کو قتل کرنے کی سازش کا قصوروار پایا۔

گوہر خان پر گزشتہ سال جون میں وقاص گورایا کے قتل کی سازش کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

وقاص گورایا ایک سماجی کارکن ہیں جنہوں نے 2017 میں اسلام آباد میں اپنے اور 5 دیگر بلاگرز کے اغوا ہونے کے بعد پاکستان چھوڑ دیا تھا۔

مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ گوہر خان کو بلاگر وقاص گورایا کے قتل کا کنٹریکٹ پاکستان میں مقیم کچھ لوگوں نے دیا۔

استغاثہ نے کہا کہ گوہر خان نے احمد وقاص گورایا کو قتل کرنے کی سازش کے تحت گزشتہ سال روٹرڈیم کا سفر کیا، انہوں نے وقاص گورایا کے گھر کے باہر جاسوسی شروع کی اور اپنے مقصد میں کامیاب ہونے کے لیے ایک آلہ قتل بھی خریدا۔

وقاص گورایا کے قتل کے بدلے گوہر خان کو بطور معاوضہ ایک لاکھ پاؤنڈ کی پیشکش کی گئی۔

استغاثہ نے کہا کہ گوہر خان اس وقت بھاری قرض میں جکڑا ہوا تھا جس کی ادائیگی کے لیے اس کے پاس کا کوئی واضح ذریعہ موجود نہیں تھا۔

استغاثہ نے جیوری کو بتایا کہ گوہر خان اس قتل کے ذریعے پیسہ کمانے اور مستقبل میں ایسے مزید حملے کرنے کے لیے پرجوش تھا۔

جیوری کو یہ بھی بتایا گیا کہ کس طرح پاکستان میں مقیم مڈل مین مزمل نے مبینہ طور پر 2021 میں گوہر خان سے اس کام کے لیے 80 ہزار پاؤنڈ ادا کرنے کی پیشکش کے ساتھ رابطہ کیا اور اسے 20 ہزار پاؤنڈ کے اپنے کمیشن کے بارے میں بھی بتایا۔

یہ واضح نہیں ہے کہ مزمل کس کے لیے کام کر رہا تھا لیکن اس بات کا ثبوت ہے کہ 5 ہزار پاؤنڈ پاکستانی بینک اکاؤنٹ میں ادا کیے گئے اور لندن میں ہنڈی ٹرانسفر کے ذریعے وصول کیے گئے۔

Share This Article
Leave a Comment