تربت: سائبر کرائم کا کیس میں مکران سول سوسائٹی کے کنوینر گرفتار

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے تربت میں سائبر کرائم کے پہلے کیس میں مکران سول سوسائٹی کے کنوینر رؤ ف شہزاد کوحراست میں لے لیا گیاہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ نے میڈیا کو بتایاکہ تربت سول سوسائٹی کے کنونیئر گلزار دوست اور مختلف خواتین کی طرف سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ مکران سول سوسائٹی کے کنوینر رؤف شہزاد نے ویمن ایکسپو میں آئی ہوئی ایک بلوچ خاتون کو اپنے موبائل فون سے نازیبا میسجز کرکے مسلسل ہراساں کررہے ہیں۔

اینٹی ہراسمنٹ کمیٹی کے چیئرمین اور ڈپٹی کمشنر کیچ نے کہاکہ میں نے نوٹس لیتے ہوئے رؤف شہزاد کو اپنے دفتر میں طلب کرکے سختی سے سرزنش کی۔ انکے موبائل فونز چیک کیئے اورہراسمنٹ کے کیس 2016 ایکٹ کے تحت انکو حراست میں لیکر انکے زیر استعمال دونوں موبائل فونز کو ضبط کرلیا۔

ڈی سی نے بتایاکہ ملزم رؤف شہزاد محکمہ لائیواسٹاک میں سرکاری ملازم ہے۔ انکے فون کو چیک کیا گیا تو شکایت کنندہ کے علاوہ دوسری خواتین کو بھی ناشائستہ میسجز کیئے گئے جنہیں میں پڑھ کر نہیں بتاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی سی آفس میں ہراسمنٹ سیل موجود ہے اگر کسی بھی لڑکی اور خواتین کو کسی نے ہراساں کیا تو وہ شکایت سیل اور مجھے درخواست دیکر آگاہ کریں فوری ایکشن لیاجائیگا۔

ڈی سی نے رؤف شہزاد کے بنائے گئے سوشل میڈیا گروپ مکران سول سوسائٹی پر پابندی لگا کر کالعدم قرار دے دیا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رؤف شہزاد نے مکران سول سوسائٹی کے نام پر تربت اور گوادر میں خواتین کی حقوق کیلئے پروگرامز کئے ہیں مگر وہ خود غلط راستے پر چل پڑے تھے۔

Share This Article
Leave a Comment