ضلع گوادر میں ترقی کے نام پر 170ارب خرچ ہونے کے باوجود نکاسی آب کا نظام موجود نہیں،ہدایت الرحمان

0
181

بلوچستان کو حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان نے پسنی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع گوادر میں ترقی کے نام پر 170ارب روپے خرچ ہونے کے باوجود نکاسی آب کا نظام موجود نہیں ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ 30سالہ کرپشن،بد انتظامی، بندر بانٹ اور وسائل کی لوٹ کھسوٹ کے لیے شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن بنائی جائے کیونکہ منتخب نمائندوں نے ڈیفنس میں بنگلے بنائے ہیں جبکہ ہماری ماں،بہنوں کے سروں پر چھت نہیں ہے وہ اپنے گھروں میں سونے سے خوفزدہ ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارش خدا کی رحمت ہوتی ہے جبکہ ہمارے پاس بدانتظامی، نکاسی آب کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے علاقوں میں نقصانات کا سبب بنتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جدید دور میں نکاسی آب کا نہ ہونا 30سال سے ہمارے اوپر مسلط کردہ نمائندوں کی ناکامی ہے اور جس ٹولے نے یہ حالت پیدا کیے ہیں انھیں اللہ اور قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

انہوں نے کہا ضلع گوادر پر براجمان کرپٹ ٹولہ نے ڈیفنس اور اسلام آباد میں بنگلے بنائے ہیں اور ہماری ماوں، بہنوں کے سروں پر آج چھت نہیں ہے جو بارشوں میں خوف کے مارے اپنے گھروں میں سونے سے خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے کہا علاقے کو آفت زدہ قرار دینے کا مقصد راشن مہیا کرنا نہیں ہے بلکہ جن لوگوں کے گھر گر گئے ہیں انکے گھر بنائی جائے اور جن کے بندات ٹوٹے ہیں انکے بندات تعمیر کئے جائیں اور نقصانات کا شفاف طریقے سے سروے کیا جائے اور انھیں پبلک کیا جائے تاکہ غریبوں کی جگہ منتخب نمائندے اپنے ناراض ارکان کو نہ نوازیں۔

انہوں نے کہا کہ امدادی سامان کے وقت بلوچستان حق دو تحریک کے کارکنان بھی انکی نگرانی کریں گے تاکہ مستحق افراد کے حقوق پر ڈاکہ نہ ڈالا جائے۔

دریں اثنا مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے پسنی پریس کلب کے سامنے احتجاج پر بیٹھے میونسپل کمیٹی پسنی کے ڈیلی ویجز ملازمین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کرپشن کی آزادی ہے جبکہ میونسپل کمیٹی کے ملازمین جو چھ دن سے دھرنے پر بیٹھے ہیں جنکی تنخواہیں بند ہیں جو 16سالوں سے اپنے مستقلی کے منتظر ہیں جنہوں نے شہر بھر کی صفائی کا بیڑا اٹھایا ہے جنکی مستقلی اور تنخواہوں کی ادائیگی ان کا قانونی حق ہے اگر اس متعلق اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو ان کوساتھ لے کر احتجاج کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here