بلوچستان کے حکام نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو حکم دیا ہے کہ صوبے میں غیر قانونی طریقے سے آنے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور کہا ہے کہ غیر ملکی باشندوں کو پناہ دینے والے لوگوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
یہ فیصلہ چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں لیا گیا۔
اس اجلاس میں آئی جی پولیس محمد طاہر رائے، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی دوست علی بلوچ، بریگیڈیئر عابد، سپیشل سیکریٹری داخلہ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
حکام نے بلوچستان میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، بالخصوص غیر ملکی باشندوں کا غیر قانونی طریقے سے صوبے میں آمد، داخلی راستوں پر کڑی چیکنگ سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
چیف سیکریٹری بلوچستان نے صوبے کے تمام داخلی راستوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر صوبے میں داخل ہونے والے غیر ملکی باشندوں کے خلاف فارنرز ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔