بلوچستان میں کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق چار آزاد امیدوار کامیاب، پی ٹی آئی تین جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی دو وارڈز میں کامیاب ہوگیا۔جبکہپیپلز پارٹی، جمعیت علماء اسلام سمیت دیگر سیاسی جماعتیں کسی بھی حلقے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔
بلوچستان کے تین اضلاع کوئٹہ، ژوب اور لورالائی کے کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ کا عمل صبح 8سے شام 5بجے تک بلا تعطل پرامن انداز میں جاری رہا پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا۔
جس کے رات گئے تک موصول ہونے والے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق کوئٹہ کنٹونمنٹ کی وارڈ نمبر 1سے آزاد امیدوار سیف اللہ خان 714ووٹ لیکر کامیاب جبکہ پی ٹی آئی کے دوست محمد 550ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے،کوئٹہ کی وارڈ نمبر 2 پاکستان تحریک انصاف کے بشیر احمد 513 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے، وارڈ نمبر 3پاکستان تحریک انصاف کے منظور علی 542 ووٹ لیکر کامیاب جبکہ آزادامیدوار اسلم کرد274ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے، وارڈ نمبر 4سے آزاد امیدوار محمد اختر قریشی 856ووٹ لیکر کامیاب،پی ٹی آئی کے عبدالسلام 598دوسرے نمبر پر رہے،وارڈ نمبر5سے پی ٹی آئی کے شفیق بھٹی 460جبکہ محمدعامر 352ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ژوب میں وارڈ نمبر ایک سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار اختر گل کاکڑ 115ووٹ لیکر کامیاب جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار شیرین بی بی 44ووٹ لیکر دوسر ے نمبر پر رہیں،ژوب کنٹونمنٹ بورڈ کی وارڈ نمبر 2 سے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار جمعہ خان 59 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ عمران مندوخیل 37 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔ لورالائی کے وارڈ نمبر 1کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار عبدالوحید خان جلال زئی 224ووٹر لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ لورالائی انصاف پینل کے حمایت یافتہ امیدوار ظریف خان203 ووٹر لیکر دوسرے نمبر پر رہے جبکہ وارڈ نمبر 2 سے پہلے ہی نعیم فیصل بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں انہیں بھی بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت حاصل تھی۔بلوچستان سے بلدیاتی انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے حمایت یافتہ دو آزاد امیدواروں سمیت چار آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جبکہ پی ٹی آئی تین اور بلوچستان عوامی پارٹی دو حلقوں میں کامیابی حاصل کرسکی ہے۔