دالبندین میں پولیس تھانہ اور ریسٹ ہاؤس پر حملہ ،کنٹرول کے بعد نذرآتش

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع چاغی کے علاقے دالبندین میں مسلح افراد نے پولیس تھانے اور ریسٹ ہاؤس پر حملے کرکے اپنا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد انہیں نذرآتش کردیا۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ گذشتہ شب دالبندین میں یک مچ کے مقام پر پیش آیا جہاں پولیس اہلکاروں کو حراست میں لیکر ان کا اسلحہ بھی ضبط کیا گیا جبکہ ریسٹ ہاؤس میں کھڑی تین ٹرالر گاڑیوں و مشنری کو بھی نذر آتش کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے ریسٹ ہاؤس اور پولیس تھانے کو بھی آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں ریسٹ ہاؤس مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا جبکہ تھانے کو جزوی نقصان پہنچا۔

آگ لگنے سے ریسٹ ہاؤس کے اندر موجود تمام سامان تباہ ہو گیا، جبکہ پولیس تھانے کا ریکارڈ بھی جل کر خاکستر ہوگیا۔

قبل ازیں ڈھاڈر اور نوشکی میں بھی پولیس تھانوں و دیگر سرکاری عمارتوں کو حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔

ڈھاڈر میں پولیس اہلکاروں نے میڈیا بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افراد کی ایک بڑی تعداد نے پولیس تھانے پر حملہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے میں کم از کم ایک پولیس اہلکار ہلاک اور چار زخمی ہوگئےجبکہ حملے کے باعث تھانے کے باہر کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

Share This Article