کراچی: بی وائی سی کی آرگنائزر فوزیہ بلوچ اہلخانہ سمیت گرفتار

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

کراچی پولیس نے بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کراچی کی آرگنائزر اور سماجی کارکن فوزیہ بلوچ کو ان کے والدہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔

فوزیہ بلوچ اپنے جبری طور پر لاپتہ بھائی داد شاہ بلوچ کی بازیابی کے لیے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کر رہی تھیں۔

ہفتے کے روز فوزیہ بلوچ اور ان کے اہلِ خانہ پریس کلب کے باہر پریس کانفرنس اور احتجاج کے لیے پہنچے، جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر سات افراد کو حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کیے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں، جس پر اہلِ خانہ اور سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

داد شاہ بلوچ کو 21 اپریل 2026 کو ان کے گھر سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا، اور تاحال ان کے بارے میں کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

اہلِ خانہ کے مطابق انہوں نے قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی آر درج کرانے کی کوشش کی، لیکن پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی نے فوزیہ بلوچ اور ان کے اہلِ خانہ کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی اداروں کی جانب سے احتجاج کو دبانے کی کوشش بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

بی وائی سی نے مطالبہ کیا ہے کہ فوزیہ بلوچ اور ان کے بھائی داد شاہ بلوچ کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور جبری گمشدگیوں کے ذمہ داران کو جوابدہ بنایا جائے۔

کمیٹی نے بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔

Share This Article