بلوچستان کے ضلع کیچ سے پاکستانی فورسز نے تین افراد کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔
مقامی میڈیا ”دی بلوچستان پوسٹ“کے مطابق گذشتہ رات پاکستانی فورسز نے ضلع کیچ کے علاقے سامی میں ایک گھر پر چھاپہ مارکر تین افراد کو جبری طور پر لاپتہ کردیا۔
حراست بعد لاپتہ ہونے والے میں خلیل ولد رحیم بخش، صمد ولد رحیم بخش اور غلام جان ولد صالح محمد سکنہ عمری کہن سامی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق فورسز نے رات گئے دو بجے چھاپہ مارکر مذکورہ لوگوں کو حراست میں لیا۔
اسی طرح بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ سے فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لے کر لاپتہ کردیا ہے۔
جس کی شناخت فخرالدین قمبرانی ولد نور احمد قمبرانی کے نام سے ہوگئی ہے۔
خاندانی ذرائع نے مذکورہ شخص کے اغواء کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ شب پاکستانی خفیہ ایجنسیوں اور سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے فخرالدین کو اغواء کرنے کے بعد نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے جس کے بعد ہمیں کچھ پتہ نہیں وہ کہاں اور کس حال میں ہیں۔
دریں اثنا گذشتہ ماہ فورسز کے ہاتھوں حراست بعد لاپتہ ہونے والے آفتاب قمبرانی بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے۔
آفتاب قمبرانی کو 14 اگست کو مشرقی بائی پاس سے پاکستانی فورسز اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا۔