بارڈر ٹریڈ یونین بلوچستان کے مرکزی آرگنائزر حافظ ناصرالدین ضامرانی نے کہاہے کہ بیروزگاری، غربت اور معاشی مشکلات سے نمٹنے کیلئے کیچ سے متصل ایرانی بارڈر پر کراسنگ پوائنٹس پر قانونی گیٹ کھولے جائیں۔ کراسنگ پوائنٹس پر ایف آئی اے اورکسٹم کی سیٹ اپ قائم کرکے فوڈ آئٹم، ایل پی جی، سیمنٹ، سریا، ڈامبر، ٹائل وغیرہ کے کاروبار کی اجازت سے علاقہ میں معاشی سرگرمیاں فروغ پاکر علاقہ خوشحالی کی طرف گامزن ہوجائے گا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا،اس موقع پر نوراحمد شاہ مرادزئی ودیگر رہنما موجودتھے۔
حافظ ناصرالدین ضامرانی نے کہاکہ بارڈر ٹریڈ یونین سرحد سے تجارت کو قانونی شکل دینے کیلئے کوشاں ہے اس سلسلے میں ہم نے گزشتہ دنوں آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجرجنرل ایمن بلال صفدر سے ملاقات کرکے ان کے سامنے علاقہ کی صورتحال رکھی ہے، انہوں نے کہاکہ کیچ کی سینکڑوں کلومیٹر طویل پٹی ایرانی سرحد سے متصل ہے جو زیادہ ترپہاڑی علاقے ہیں جہاں کے لوگ صرف ایرانی سرحد پر انحصار کرتے ہیں کیونکہ سرحدی علاقوں سمیت پورے مکران میں روزگاراورمعاشی ذرائع ناپید ہیں نہ یہاں کارخانے اور صنعتیں ہیں اورنہ زراعت اورتجارت کے ذرائع دستیاب ہیں، بین الاقوامی قوانین کے تحت بھی سرحدی علاقوں کے عوام کو انسانی ہمدردی کے تحت زندگی کی تمام بنیادی ضروریات وسہولیات سرحدپار سے حاصل کرنے کا حق حاصل ہوتاہے۔
انہوں نے کہاکہ ایرانی سرحدپر باڑلگانے کے بعد طویل سرحد پر کراسنگ پوائنٹس اور راہداری پوائنٹس کی ضرورت بڑھ گئی ہے مگر اس وقت ردیگ مند بارڈر کے بعد صرف گرے بن زامران بارڈر راہداری پوائنٹ کی منظوری دی گئی ہے جبکہ کراسنگ پوائنٹس گیٹ کھولنے کے حوالے سے تاحال کوئی اقدام نہیں اٹھایاگیا ہے جس سے سرحدی علاقوں کے عوام شدید پریشانیوں اور تشویش میں مبتلاہیں اس لئے ہمارا مطالبہ ہے کہ 250بارڈرکی طرح جالگی،دشت، چکاپ کراسنگ پوائنٹس کھولنے کی بھی منظوری دی جائے کیونکہ جالگی مکران ڈویژن کے ہیڈکوارٹر تربت سے تمام بارڈروں سے قریب پڑتاہے جس کے کھلنے سے یہاں پرمعاشی سرگرمیاں فروغ پائیں گی کیونکہ کچھ عرصہ قبل تجرباتی بنیادپر جالگی بارڈر کھول دیاگیاتھا جس کے انتہائی مثبت اور اچھے نتائج سامنے آئے تھے۔
انہوں نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال، کٹھ پتلی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، کمانڈر 12ویں کور لیفٹنٹ جنرل سرفرازعلی، آئی جی ایف سی بلوچستان ساؤتھ میجرجنرل ایمن بلال صفدر سے اپیل کی کہ وہ مذکورہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کھولنے کی فوری منظوری دے کر عوامی پریشانیوں ومعاشی مشکلات کاازالہ کریں۔