سی ٹی ڈی کا لورالائی میں بی ایل ایف کے 7 جنگجوؤں کی ہلاکت کا دعویٰ

0
253

ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں انسداد دہشت گردی کے محکمے (سی ٹی ڈی) کے افسران نے 7 مسلح افراد کو افغانستان سے بلوچستان میں داخل ہونے کے فوری بعد ہلاک کر دیا ہے۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے دعوے کے مطابق سی ٹی ڈی بلوچستان کو مصدقہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ بلوچستان لبریشن فرنٹ کے جنگجوؤں کا ایک بڑا گروہ ضلع لورالائی میں کوہاڑ ڈیم کے عام علاقے میں افغانستان سے منتقل ہو رہا ہے اور وہ ایک حساس تنصیب پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا سی ٹی ڈی نے کوہاڑ ڈیم کے ایک کمپاؤنڈ میں چھاپہ مارا۔ فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور سات مسلح افراد مارے گئے، جبکہ تین دیگر فرار ہوگئے۔

ترجمان نے بتایا کہ کمپاؤنڈ سے اسلحہ کا ذخیرہ برآمد ہوا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ سات میں سے چار کی شناخت صدام حسین، عبدالغنی، عبدالاحد اور امیر جان کے نام سے ہوئی ہے تاہم سی ٹی ڈی ترجمان نے ان کے مکمل نام اور پتے ظاہر نہیں کیے ہیں۔

کوہاڑ ڈیم بلوچستان میں لورالائی اور قلعہ سیف اللہ کے درمیان واقع ہے۔ یہ لورالائی یونیورسٹی سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

ترجمان نے کہا کہ مزید چھاپے متوقع ہیں۔

ماضی میں سی ٹی ڈی نے ایسے دعوے کیے ہیں لیکن یہ دعوے غلط ثابت ہوئے۔سی ٹی ڈی کے ہاتھوں حالیہ دنوں جعلی مقابلے کے نام پر ماورائے عدالت قتل ہونے والے بیشتر افراد کے بارے میں ایسے ٹھوس شواہد سامنے آئے ہیں کہ جعلی مقابلوں میں قتل کیے جانے والے افراد پہلے سے زیر حراست اور جبری لاپتہ تھے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here