بلوچ یکجہتی کمیٹی تمپ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہیدِ وطن بانک کریمہ بلوچ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اعزازیہ طور پر کراچی میں ان کی جسد خاکی کا بھر پور قومی اعزاز کے ساتھ استقبال کیا جائے گا جبکہ تدفین کے لیے جسد خاکی کو ریلی کی شکل میں شہید کے آبائی گاو¿ں تمپ لے جایا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید بانک کریمہ بلوچ کی جسد خاکی 24 جنوری بروز اتوار صبح چار بجے کراچی ایئرپورٹ پہنچ جائے گی جہاں جم عفیر کی صورت میں ان کا استقبال کیا جائے گا۔ کراچی ایئرپورٹ سے جسد خاکی کو لیاری لے جایا جائے گا جہاں صبح دس بجے مولوی غسمان پارک (بیاءِ باغ) میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ لیاری میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کے لیے ریلی کی شکل میں انہیں ان کے آبائی وطن تمپ لے جایا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ بانک کریمہ بلوچ قومی رہنماءتھی جنہوں نے بلوچ قومی بقاءکے لیے سیاسی جدوجہد کا راستہ اپنایا۔ بلوچستان میں سیاسی سرگرمیوں پر قدغن کے باعث ان کی اپنی سرزمین ان کیلئے تنگ پڑ گئی اور بلوچ قوم کے لیے کینیڈا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے جہاں گذشتہ ماہ 20 دسمبر کو کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں سفاکانہ طور پر قتل کیا گیا۔ شہید بانک کریمہ کی بلوچ قوم کے لیے قربانیاں قابل ستائش ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی بلوچ عوام سے اپیل کرتی ہے کہ بانک کریمہ بلوچ کے جسد خاکی کا اعزازیہ استقبال کے لیے جلداز جلد کراچی پہنچ جائیں اور شہید وطن کی استقبال کے لیے بھر پور تیاری کریں۔