پاکستان کے سب سے بڑے شہرکراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد پانی کے ریلوں نے شہر کا حلیہ بدل دیا، پانی کا بہاو¿ اپنے ساتھ کنٹینر،کار، بسیں سب کھلونوں کی طرح بہا لے گیا، مختلف حادثات میں 25 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
کراچی کے علاقے جوہر موڑ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے رہائشی اپارٹمنٹ کی دیوار منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں بچوں اور خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دیوار کے ملبے تلے مزید افراد دبے ہوئے ہیں، پولیس، کنٹونمنٹ بورڈ اور ریسکیو ادارے ملبہ ہٹانے کا کام کر رہے ہیں۔
کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کے مطابق آج کراچی میں دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں 15 افرادجاں بحق ہوئے ہیں جب کہ پانی میں ڈوب کر 4افراد اور چھت گرنے کے حادثات میں 2افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اس کے علاوہ کرنٹ لگنے اور موٹر سائیکل حادثےمیں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ مون سون کے اس اسپیل میں اب تک کراچی میں35 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق شہر میں پاکستان آرمی،نیوی اور سندھ رینجرز کے اہلکار مختلف مقامات پر پانی میں پھنسے شہریوں کی مدد میں مصروف ہیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق کراچی میں سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے آرمی فلڈ ایمرجنسی کنٹرول سینٹر قائم کردیا گیا ہے جب کہ گلبرگ، لیاقت آباد اور نیوکراچی میں میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ناردرن بائی پاس کےقریب ایم نائن پر بند کو محفوظ کر دیا گیا جب کہ قائد آباد کے قریب فوجی جوانوں نے ملیر ندی کاشگاف پر کر دیا۔
شارع فیصل پر نرسری کے قریب یونیورسٹی کی بس پانی میں پھنس گئی، مسافر کود کر کناروں تک پہنچے، ایم اے جناح روڈ پر سیکیورٹی کیلئے رکھے گئے کنٹنیرزبھی بہہ گئے۔
آئی آئی چندریگر روڈ بھی تالاب بن گئی، سندھ ہائی کورٹ اور پاسپورٹ آفس کے قریب سڑکوں پر گھٹنوں گھٹنوں پانی،گاڑیاں خراب ہوگئیں، لوگ کمر تک پانی میں منزل کی تلاش میں خوار ہوگئے۔
شہر میں بارش کا نصف صدی کا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، رواں ماہ اب تک 442 ملی میٹر بارش ہوچکی ہے، 53 سال پہلے جولائی 1967 میں کراچی میں 429 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔
اس کے علاوہ کراچی میں 24گھنٹے میں سب سے زیادہ بارش کا ریکارڈ بھی 12 گھنٹے میں ٹوٹ گیا ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق 26جولائی 1967 کو 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ 211 ملی میٹر بارش ہوئی تھی اورآج صرف 12 گھنٹے میں 223 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یکم جولائی 1977 کو بھی کراچی میں 24 گھنٹے میں 207 ملی میٹر بارش ہوئی تھی جب کہ 30جولائی 1967 کو 24 گھنٹے میں کراچی میں 189 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔
خیال رہے کہ کراچی میں بارش کا سلسلہ جمعرات کی صبح شروع ہوا جو وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہا۔