دریائے سندھ میں باراتیوں کی کشتی الٹنے سے 19 خواتین ہلاک

0
225

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یار خان میں دریائے سندھ میں باراتیوں سے بھری کشتی الٹنے کے حادثے میں کم از کم 19 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ اب تک ہلاک ہونے والے جن افراد کی لاشیں دریا سے نکالی گئی ہیں، وہ تمام خواتین ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق حادثہ کشتی میں گنجائش سے زائد افراد سوار ہونے کے باعث پیش آیا۔

صحافی غلام حسن مہر نے بی بی سی کو بتایا کہ ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا کے مطابق دریائے سندھ کی ساحلی پٹی پر واقع نواحی گاؤں ماچھکہ کی سولنگی برداری کے افراد بارات لے کر دریائے سندھ میں سفر کر رہے تھے۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق اس بارات میں دو کشتیاں شامل تھیں، جن پر خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 150 سے زائد افراد سوار تھے۔

انھوں نے بتایا کہ ایک کشتی، جس میں تقریباً 75 افراد سوار تھے، اچانک الٹ گئی اور اس میں سوار تمام افراد دریا میں جا گرے۔

ڈپٹی کمشنر موسیٰ رضا کے مطابق ان میں سے 35 افراد کو دوسری کشتی کے سواروں نے بچا لیا جبکہ اب تک 19 خواتین کی لاشیں بھی نکالی جا چکی ہیں اور باقی افراد کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ دوسری کشتی میں سوار مرد، جنھوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لوگوں کو بچایا۔ کئی افراد کو غوطہ خوروں نے محفوظ مقام تک پہنچایا لیکن خواتین پانی کے بہاؤ کے باعث دریا میں ڈوب گئیں اور شاید ان کے ساتھ بچے بھی تھے لیکن ابھی تک کسی نے بچوں کے ڈوبنے کی تصدیق نہیں کی تاہم ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ڈوبنے والے افراد کی تلاش میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

اس افسوسناک واقعے کی اطلاع جیسے ہی تھانہ ماچھکہ کو موصول ہوئی تو تھانے میں موجود اہلکاروں نے چھٹی پر گئے اہلکاروں کو بھی واپس بلا لیا اور بھاری نفری کے ہمراہ اس علاقے میں پہنچے۔

زندہ بچ جانے والے افراد کو محفوظ مقام پر پہنچا کر انھیں پانی اور خوراک فراہم کر دی گئی ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here