پاکستان کے دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں سمگلروں کے خلاف کوئی مشترکہ کارروائی نہیں کی ہے۔
گذشتہ روز ایرانی میڈیا کی طرف سے اطلاعات سامنے آئیں تھیں کہ پاکستان اور ایران کی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں سمگلروں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی ہے۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ نے اطلاعات کی تردید کردی ہے۔
جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے دفترِ خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ’یہ فیک نیوز ہے، پاکستان اور ایرانی حکام نے کوئی مشترکہ کارروائی نہیں کی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ سوشل میڈیا کی خبریں ہیں جو کہ دہشتگردوں نے پھیلائی ہیں۔‘
ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں 30 کلومیٹر اندر سمگلروں کے خلاف آپریشن کیا ہے۔