کیچ میں جلسہ : ایف سی لوٹ مار کا ذریعہ ہے، ریفرنڈم کے ذریعے مکران سے نکال دینگے، ہدایت الرحمان

0
250

حق دو تحریک بلوچستان کے زیر اہتمام تربت میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ 19 اگست سے سربندن میں شروع ہوئی یہ تحریک آخری سیاسی مزاحمت کار تک جاری رہے گی۔ 15 نومبر سے 32 روزہ دھرنا کو بلوچستان حکومت کے ساتھ تحریری معاہدہ کے بعد ختم کردیا، ایف سی ایک فورس نہیں بلکہ لوٹ مار کا ذریعہ ہے، عوام کو چاہیے کہ ڈر اور خوف سے آزاد ہوکر اپنی آواز بلند کریں، یہ سرزمین بلوچ کی ماں ہے کسی جرنیل اور کرنل کی میراث نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں کے اندر مکران میں ایف سی کے خلاف ریفرنڈم کرنے جارہے ہیں، دستخطی مہم کے ذریعے ایف سی کو یہاں نکالنے کی مہم شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حیات بلوچ جیسے نوجوانوں کو سرعام گولی مار کر قتل کیا جاتا ہے اور کہتے ہیں کہ یہ غلطی تھی۔ آئیے ایسی غلطی ہم بھی کرتے ہیں ہمیں بھی معاف کیا جائے،۔کلبوشن جیسوں کو جو عزت دی جاتی ہے اگر یہی عزت بلوچ نوجوان کو دیا جاتا تو یہ نوبت نہیں آتی۔ کلبوشن کو بچانے کے لیے آئینی ترمیم کی جارہی ہے۔ کیچ کے ہسپتال میں ایک دانہ پیناڈول گولی نہیں ملتی مگر کریسٹل اور شیشا آسانی سے دستیاب ہے، ہم بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں کہ ملک دشمن اور غدار ہیں،ہم غدار نہیں ملک دشمن نہیں بلکہ انصاف چاہتے ہیں کسی کرنل و جرنل کی شاہیت نہیں مانیں گے۔

مولانا ہدایت الرحمان نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول ڈیزل اور روغن غیر قانونی ہے لیکن شیشا اور کریسٹل کا کاروبار جائز ہے۔ بارڈر پر جتنی کمیٹیاں بنائی گئی ہیں ان سب کے سربراہ منشیات فروش ہیں۔ہمارے جوانوں کو اٹھاکر غائب کیا جاتا ہے۔ لاشیں پھینکی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 73 کے آئین کے تحت کسی ادارے کو اختیار نہیں کہ وہ نوجوانوں کو لاپتہ کرے۔کسی نے اگر گناہ کیا تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے۔ سی پیک کا سن کر ہم خوش ہوئے کہ اب دودھ اور شہد کی نہریں بہیں گی، خوش حالی آئے گی، روزگار ہوگا مگر بلوچستان کے مقدر میں صرف چیک پوسٹ اور چوکیاں آئیں۔ ڈاکٹر اور ماسٹر نہیں ملے ہمیں بندوق بردار فوجی دیے گئے، چیک پوسٹ اور چوکیوں پر ہماری تذلیل ہورہی ہے اس کے خلاف ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کسی جرنیل یا فوجی کرنل، لینڈ مافیا و ڈرگ مافیا اور سردار و نواب کی جاگیر نہیں بلکہ بلوچ عوام کی سرزمین ہے۔ ڈرگ مافیا اداروں سے زیادہ طاقت ور ہے، جن کے پاس جاڑو ہیں جو شہر کی صفائی کرتے اور گندگیاں مٹاتی ہیں ان کی تنخواہیں بند ہیں۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here