بلوچ نیشنل موومنٹ کے چیئرمین خلیل بلوچ اور سیکریٹری جنرل ڈاکٹر مراد بلوچ نے بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد کے بائیسواں قومی کونسل سیشن پر مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بی ایس او کی نومنتخب قیادت تنظیم کو مزید فعال بنانے اور بلوچ قومی تحریک کی کامیابی کے لئے محنت، تدبر اور جانفشانی سے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا قابض پاکستان نے بلوچ سرزمین پر سیاسی آوازوں کو کچلنے اور بلوچ سماج کو غیرسیاسی اور بانجھ بنانے کے لئے درندگی و حیوانیت کی تمام حدیں پارکرلی ہیں۔ اس کی مثال بی ایس او آزاد کو کالعدم قرار دینا ہے۔ لیکن بی ایس او جیسی سیاسی نرسری نے ثابت کردیا کہ بلوچ نوجوان قومی آزادی اورنیشنلزم کے فکر و فلسفے پر کار بند رہ کر دشمن کی تمام حربوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حالیہ کونسل سیشن ایک مثال اور ایک اور سنگ میل ہے۔
بی این ایم رہنماؤں نے کہا بی ایس او کی تاریخ قربانیوں کے طویل داستانوں سے عبارت ہے۔ آج بھی چیئرمین زاہد بلوچ، چیئرمین ذاکرمجید بلوچ،انفارمیشن سیکریٹری شبیر بلوچ دشمن کے تاریک زندانوں میں قید ہیں۔ ان کی غیر قانونی اور غیر انسانی قید ثابت کرتاہے کہ دشمن انہیں شکست دینے میں ناکام ہے۔
انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نومنتخب قیادت بی ایس اوکو فعال بنانے کے لئے وقت کے تقاضوں اور تحریک آزادی کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر آگے بڑھے گی۔