گوریچ پبلی کیشنز نے بلوچ رہنما اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی مسلسل جدوجہد، ریاستی جبر و ظلمت کے ماحول میں بلوچ نسل کشی اور جبری گمشدگیوں کے خلاف استقامت، اور جھوٹے مقدمات میں ایک سال سے زائد عرصے پر محیط اسیری سمیت ان کی عظیم قومی خدمات کے اعتراف میں "وتن ماہِیں ماہ رنگ” کے عنوان سے بلوچی ، براہوی اور اردو شاعری پر مشتمل ایک کتاب شائع کر دی ہے۔
اس کتاب کو ساربان بلوچ نے مرتب کیا ہے۔ یہ کتاب بلوچی ، براہوی اور اردو کے مختلف شعرا کی اشعارپر مشتمل ہے جو مختلف اوقات میں ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ ، انکی ساتھیوں کی جدوجہداور ان کی تحاریک کے پس منظر میں لکھی گئی ہیں۔
یہ کتاب ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ان کے اسیر ساتھیوں کی پرخلوص جدوجہد پر بلوچی، براہوی اور اردو شعرا کا ایک اعتراف نامہ ہے۔
گوریچ پبلی کیشنز کے مطابق یہ کتاب بلوچ قومی رہنما ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور ان کے اسیر رفقا کے لیے ایک قومی تحفہ ہے، تاکہ انہیں اس بات کا احساس رہے کہ بلوچ قوم کے شاعر، ادیب، صحافی اور دانشور ان کی قربانیوں سے بے خبر نہیں ہیں بلکہ ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
گوریچ پبلی کیشنز نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ یہ مختصر سا تحفہ امید ہے کہ ہر بلوچ گھرانے تک پہنچے گا۔ ادارے نے بلوچ عوام پر زور دیا ہے کہ اس کتاب کو دوسرے لوگوں تک پہنچانا اور اس کی اشاعت و ترویج میں اپنا کردار ادا کرنا ہر بلوچ کا قومی فریضہ ہے۔
کتاب پی ڈی ایف فارمیٹ میں سوشل میڈیا میں شائع کردی گئی ہے۔