ایران، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کا مشترکہ اجلاس ’علاقائی اتحاد‘ کا آغاز ہو گا، محسن رضائی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ایران، پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان تہران میں ہونے والا مشترکہ اجلاس اختتام پذیر ہو گیا ہے۔

سعودی عرب نے کہا تھا کہ اس اجلاس کا مقصد ’کشیدگی میں اضافے کو روکنا اور کسی معاہدے تک پہنچنے کی راہ ہموار کرنا‘ ہے۔

اجلاس کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ’اگر اختلافات کو بہتر انداز میں حل کیا جائے اور تقسیم کرنے والے معاملات کے بجائے مشترکہ نکات اور مفادات پر توجہ دی جائے تو خطے کے مسائل پر زیادہ آسانی اور مؤثر طریقے سے قابو پایا جا سکتا ہے۔‘

تہران کے سعدآباد میں ہونے والے اس اجلاس میں ایرانی صدر کے علاوہ سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی اور وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بھی شرکت کی۔

تاہم اجلاس میں پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر، سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، ترکی کے انٹیلیجنس ادارے کے سربراہ ابراہیم قالن اور پاکستانی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی شریک تھے۔

دوسری جانب ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی کا کہنا ہے تہران میں ہونے والے چار فریقی اجلاس کے شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ علاقائی سلامتی کا انتظام ’بیرونی مداخلت‘ کے بغیر مقامی بنیادوں پر ہونا چاہیے‘ اور امید ظاہر کی کہ سوموار کے روز ہونے والا اجلاس ’علاقائی اتحاد‘ کی تشکیل میں ’عملی تبدیلی کے آغاز‘ کا باعث بنے گا۔

محسن رضائی سوموار کے روز پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے اعلیٰ فوجی اور انٹیلی جنس حکام کی ایرانی حکام سے ہونے والی ملاقات میں شامل تھے۔

بی بی سی فارسی کے مطابق ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی سے بات کرتے ہوئے محسن رضائی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں شریک حکام نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل کو ’جنوبی لبنان، جنوبی شام، غزہ اور دریائے اردن کے مغربی کنارے‘ سے انخلا کرنا چاہیے۔

ایران کی سلامتی کونسل کے سیکریٹری نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے اعلیٰ فوجی اور انٹیلی جنس حکام کی تہران میں موجودگی کو ’امریکی دھمکیوں کی غیر مؤثریت‘ کی علامت بھی قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس، ان کے الفاظ میں، ’علاقائی اتحاد‘ کی تشکیل میں ’عملی تبدیلی کے آغاز‘ کا باعث بنے گا۔

پیر کے روز سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان، پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ترکی کی انٹیلی جنس سروس کے سربراہ ابراہیم کالن تہران پہنچے، جہاں انھوں نے ایرانی حکام کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article