پولیس کے ہاتھوں نوجوان قتل، والدہ کی انصاف نہ ملنے پر خودسوزی کی دھمکی

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ کے رہائشی بی بی شرف خاتون نے اپنے بیٹے کے قتل کے خلاف کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان، وزیر داخلہ، آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈی آئی جی کوئٹہ سے انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران بی بی شرف خاتون نے الزام عائد کیا کہ سبی روڈ ریلوے پھاٹک پر پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے نور اللہ اور شفیع محمد ہلاک ہوئے، جبکہ واقعے میں تیسرا نوجوان ظہیر احمد شدید زخمی ہوا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایس ایچ او نیو سریاب ثناء اللہ شیرانی اور دیگر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

بی بی شرف خاتون کا الزام تھا کہ مقتول نوجوانوں کو چور اور ڈاکو ثابت کرنے کے لیے ان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ تھانے میں متعدد درخواستیں دینے کے باوجود تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔

متاثرہ خاتون نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کا نوٹس لے کر انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور مبینہ قتل میں ملوث ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔بی بی شرف خاتون نے خبردار کیا کہ اگر انہیں اپنے بیٹے کے مبینہ قتل کے معاملے میں انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے خودسوزی کرنے پر مجبور ہوں گی۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article