ضلع کیچ سے مزید 3 افراد جبری لاپتہ ، ایک کی لاش برآمد

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے ضلع کیچ میں جبری گمشدگیوں اور لاپتہ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ کوھاڑ بازار سے تین روز قبل لاپتہ ہونے والے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہو گئی ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران پاکستانی فوج اور حکومت حامی ڈیتھ اسکواڈز کی جانب سے مزید تین افراد کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تین روز قبل کیچ کے علاقے کوھاڑ بازار سے نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے نوجوان عدیل ولد عبدالقیوم (سکنہ کوھاڑ) کی لاش آج جمعہ کے روز ‘سرنکن’ کے علاقے سے برآمد ہوئی ہے۔

مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ تین روز قبل کوھاڑ بازار سے کارروائی کے دوران چار نوجوانوں کو لاپتہ کیا گیا تھا جن میں عدیل بھی شامل تھا جبکہ گزشتہ شب کوھاڑ میں ایک اور کارروائی کے دوران مشتاق ولد ماسٹر صدیر نامی نوجوان کو لاپتہ کر دیا گیا۔ اس طرح رواں ہفتے صرف کوھاڑ کے علاقے سے لاپتہ ہونے والے نوجوانوں کی کل تعداد 5 ہو چکی ہے، جن میں سے عدیل کی لاش برآمد ہو چکی ہے تاہم، عدیل کی موت کی وجوہات اور واقعے سے متعلق مقامی حکام کی جانب سے فی الحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔

دوسری جانب بلوچ یکجہتی کمیٹی (BYC) کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق ضلع کیچ کے مختلف علاقوں سے فورسز اور ملٹری انٹیلی جنس (MI) کی زیرِ سرپرستی قائم ڈیتھ اسکواڈز نے کارروائیاں کرتے ہوئے مزید تین افراد کو ان کے گھروں سے جبری طور پر لاپتہ کر دیا ہے۔

افضل ولد گل محمد (عمر 41 سال) ،پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور اور سکنہ سری کلگ گورکوپ (کیچ) کے رہائشی ہیں، انہیں 19 اکتوبر 2026 کو صبح 3:00 بجے فرنٹیئر کور (FC) نے ان کے گھر پر چھاپہ مار کر حراست میں لینے کے بعد لاپتہ کر دیا۔

حمود بلوچ ولد محمد جان (عمر 17 سال)، پیشے کے لحاظ سے طالب علم اور سکنہ بلوچ آباد مند (کیچ) کے رہائشی ہیں، 22 اکتوبر 2026 کو صبح 3:00 بجے ڈیتھ اسکواڈ اور ایم آئی (MI) کے اہلکاروں نے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں دوسری بار جبری طور پر لاپتہ کیا۔

سلطان بلوچ ولد حاجی عثمان (عمر 28 سال)، پیشے کے لحاظ سے ڈرائیور اور سکنہ بلوچ آباد مند (کیچ) رہائشی ہیں، انہیں بھی 22 اکتوبر 2026 کو صبح 3:00 بجے ان کے گھر سے ڈیتھ اسکواڈ اور ایم آئی اہلکاروں نے حراست میں لے کر لاپتہ کر دیا۔

ضلع کیچ میں بڑھتے ہوئے ان واقعات کے بعد علاقے میں شدید تشویش اور خوف و ہراس کی لہر پھیل گئی ہے، جبکہ لواحقین اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے لاپتہ افراد کی فوری بازیابی اور ان واقعات کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article