بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ میں گشت پر مامور پولیس کی گاڑی کو بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار موقع پر ہی ہلاک جبکہ 3 دیگر شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ شب کوئٹہ کے علاقے سونا خان میں میاں غنڈی کے قریب پیش آیا، جہاں سڑک کنارے نصب شدہ ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی (IED) دھماکے کے ذریعے پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا۔
دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ پولیس گاڑی کو شدید نقصان پہنچا اور فائرنگ و دھماکے کی آواز سے علاقہ تھرٹ اٹھا۔
دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو کوئٹہ کے سول اسپتال اور ٹراما سینٹر منتقل کیا۔
طبی حکام کے مطابق زخمی ہونے والے تینوں پولیس اہلکاروں کی حالت انتہائی تشویشناک ہے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی کے اعلیٰ حکام نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی مسلح تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
کوئٹہ اور گردونواح میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر اس طرح کے مہلک حملوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔