تاریخ محض واقعات، معاہدوں اور جنگوں کے اتار چڑھاؤ کا نام نہیں، بلکہ یہ انسانی تجربات، قومی یادداشت، سیاسی شعور، احساسات اور ان قربانیوں کا مجموعہ بھی ہے جن کے نقوش نسلوں کے حافظے میں ثبت ہو جاتے ہیں۔ بعض تاریخیں فاتحین کے قلم سے لکھی جاتی ہیں، بعض ریاستی بیانیوں میں اپنی مرضی کے مفاہیم کے ساتھ پیش کی جاتی ہیں، اور بعض ایسی ہوتی ہیں جنہیں سمجھنے کے لیے سامراجی دستاویزات سے آگے بڑھ کر ان انسانوں کی زندگیوں میں جھانکنا پڑتا ہے جنہوں نے تاریخ کو محض پڑھا نہیں، بلکہ اپنے جسموں پر جھیلا، اپنے گھروں میں محسوس کیا اور اپنی نسلوں کے مستقبل میں اس کے اثرات برداشت کیے۔ بلوچ قومی آزادی کی جدوجہد کی تاریخ بھی اسی نوعیت کا ایک پیچیدہ، اور کرب ناک تاریخی باب ہے، اس کے پس منظر میں قومی شناخت، تاریخی وابستگی،، آزادی کے جدوجہد استعماری قبضہ، طاقت، مزاحمت، انسانی المیوں قومی تجربات کی پرتیں موجود ہیں جو وقت گزرنے کے ساتھ ختم ہونے کے بجائے مزید گہری ہوتی چلی گئی ہیں۔
انیس سو اڑتالیس سے شروع ہونے والی بلوچ مزاحمت کی تاریخ مختلف ادوار، مختلف سیاسی حالات اور مختلف صورتوں سے گزرتی ہوئی اکیسویں صدی تک پہنچی ہے۔ اس تاریخ کے ہر عہد کی اپنی مخصوص سیاسی و تاریخی خصوصیات ہیں، اس کے اپنے محرکات ہیں اور اس کے اپنے نتائج ہیں۔ ان ادوار کو ایک ہی لکیر میں رکھ کر ان کی تمام پیچیدگیوں کو نظرانداز کرنا تاریخ کے ساتھ ناانصافی ہوگی، لیکن ان کے درمیان موجود تسلسل، قومی سوال کی تکرار اور قومی تحریک کے بار بار ابھرنے کو نظرانداز کرنا بھی ممکن نہیں۔ بلوچ قومی تحریک کے نقطہئ نظر سے دیکھا جائے تو اس تسلسل کی بنیاد ایک ایسے قومی مطالبہ میں تلاش کی جاتی ہے جسے محض انتظامی اصلاحات، معاشی ترقی یا ریاستی مراعات، انکریمنٹ کے حصول کے محدود اور مسخ تناظر میں سمجھنا کافی نہیں، بلکہ جس کے ساتھ قومی شناخت، قومی حاکمیت سیاسی اختیار، بلوچ مرضی و ارادے اور آزادی کے بنیادی تصورات بھی وابستہ ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بلوچ قومی آزادی کا بیانیہ اپنے ماضی کو محض گزرے ہوئے واقعات کا مجموعہ نہیں سمجھتا، بلکہ اسے اپنے موجودہ سیاسی شعور اور مستقبل کے تصورات سے مربوط کرتا ہے۔
دو ہزار کے اوائل میں بلوچ قومی آزادی کی جدوجہد کا ایک نیا مرحلہ شروع ہوا، جس نے سابقہ ادوار کے مقابلے میں اپنی سیاسی موقف، اظہاریہ کے طریقوں، تنظیمی صورتوں اور مزاحمت کے کردار میں نئی جہتیں اختیار کیں۔ اس مرحلے کی اہمیت محض اس میں نہیں کہ ایک مسلح تنازع دوبارہ شدت کے ساتھ سامنے آیا، بلکہ اس میں بھی ہے کہ بلوچ قومی سوال ایک مرتبہ پھر علاقائی و عالمی سیاست، بلوچ سلامتی، قومی شناخت و وت واجہی سے متعلق وسیع تر مباحث کا حصہ بن گیا۔ یہ مرحلہ میں قومی آزادی کی تحریک کے ایک نئے ارتقائی اور انقلابی دور میں مربوط ہے، جس میں ماضی کے تحریکی تجربات، سیاسی شعور اور بدلتے ہوئے حالات نے ایک دوسرے پر اثر ڈالا۔ دوسری جانب استعماری بیانیوں میں اسے امن و امان ، محدودے خودمختاری کے مسئلے کے طور پر پیش کیا گیا۔ ان متضاد بیانیات کے درمیان جاری کشمکش نے اس تنازع کو محض میدانِ جنگ تک محدود نہیں رہنے دیا، بلکہ اسے سیاست، سماج، ثقافت، ذرائع ابلاغ اور انسانی حقوق کے وسیع میدانوں تک پھیلا دیا۔
کسی بھی قومی تحریک کی تاریخ کو ہمیشہ اس کی سیاسی حکمتِ عملی، تنظیمی صلاحیت اور حربی شدت کے پیمانوں سے ناپنے کے ساتھ ساتھ۔ اس کی حقیقی معنویت اس انسانی قیمت میں بھی پوشیدہ ہوتی ہے جو ایک سماج مسلسل جنگ کے دوران ادا کرتا ہے۔ جنگ کی تاریخ میں نقشوں پر کھینچی جانے والی لکیریں بظاہر معمولی دکھائی دیتی ہیں، لیکن انہی لکیروں کے درمیان بستے ہوئے انسانوں کے لیے ان کے معنی پوری زندگی بدل دینے والے ہو سکتے ہیں۔ ایک گھر کا ویران ہو جانا، ایک خاندان کا اپنے علاقہ سے نکلنے پر مجبور ہونا،، ایک ماں کا اپنے بیٹے کی واپسی کے انتظار میں عمر گزار دینا اور ایک بوڑھے شخص کا اپنی زندگی بھر کی یادوں سے وابستہ زمین کو آخری مرتبہ دیکھنا، یہ سب وہ انسانی حقیقتیں ہیں جنہیں جنگی اعداد و شمار اپنے اندر پوری طرح سمو نہیں سکتے۔
بلوچ وطن کی متنازعہ حیثیت اور انسرجنسی کو اسی انسانی تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ یہاں جنگ کے اثرات صرف ان افراد تک محدود نہیں رہتے جو براہِ راست لڑائی میں شریک ہوتے ہیں، بلکہ ان کا دائرہ عام شہریوں، خاندانوں، آبادیوں، طلبہ، خواتین، بچوں اور ان لوگوں تک پھیل جاتا ہے جن کا اگر چہ کسی مسلح تصادم سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ جب کسی علاقے میں مسلسل خوف، غیر یقینی صورتِ حال اور تشدد کا ماحول پیدا ہو جائے تو معمول کی زندگی اپنی معنویت کھونے لگتی ہے۔ کھیتوں میں کام کرنے والا کسان موسم کی تبدیلی کے بجائے خطرے کی تبدیلی پر نظر رکھنے لگتا ہے۔ اسکول جانے والا بچہ کتاب کے صفحات میں مستقبل تلاش کرنے کے بجائے اپنے خاندان کی سلامتی کے بارے میں سوچنے لگتا ہے۔ گھر سے نکلنے والا شخص یہ یقین لے کر نہیں نکلتا کہ شام کو واپس بھی آ سکے گا۔ اس طرح جنگ صرف جسموں کو زخمی نہیں کرتی، بلکہ انسانی زندگی کے معمول،کو بھی مجروح کر دیتی ہے۔
اس المیے کا ایک نہایت تکلیف دہ پہلو جبری یا خوف کے زیرِ اثر نقل مکانی، پناہ گزینی اور جلاوطنی کے تجربات ہیں۔ انسان کے لیے وطن محض زمین کا ایک ٹکڑا نہیں ہوتا۔ وطن اس کی زبان، اس کے لہجے، اس کے بچپن، اس کے آباؤ اجداد کی قبروں، اس کے گھر کی دہلیز، اس کے گرد و پیش کے پہاڑوں، اس کی مٹی کی خوشبو اور ان بے شمار یادوں کا نام ہے جنہیں کسی دستاویز میں مکمل طور پر درج نہیں کیا جا سکتا۔ جب کوئی خاندان اپنے گھر سے نکلنے پر مجبور ہوتا ہے تو وہ صرف چند اشیا اپنے ساتھ نہیں لے جاتا، بلکہ اپنے وجود کا ایک حصہ پیچھے چھوڑ جاتا ہے۔ اس کے لیے ہجرت محض جغرافیائی نقل مکانی نہیں، ایک نفسیاتی اور اعصابی اذیت بھی ہوتی ہے۔
جلاوطنی کی زندگی میں سب سے بڑا کرب یہ ہے کہ انسان اپنے ماضی سے وابستہ رہتا ہے، مگر اس ماضی کے جغرافیے تک اس کی رسائی محدود یا ناممکن ہو جاتی ہے۔ وہ دور بیٹھ کر اپنے گاؤں کی خبر سنتا ہے، اپنے عزیزوں کی خیریت کے لیے بے چین رہتا ہے اور ہر نئی خبر میں کسی امید یا اندیشے کی تلاش کرتا ہے۔ اس کے بچے ممکن ہے کسی دوسرے ماحول میں پروان چڑھیں، لیکن ان کی شناخت کے ساتھ والدین کی یادیں، زبان اور وطن سے وابستہ کہانیاں بھی منتقل ہوتی رہتی ہیں۔گھروں کی مسماری اور آبادیوں کی ویرانی بھی اسی انسانی بحران کا ایک اہم پہلو ہیں۔ گھر کسی معاشرے کی بنیادی اکائی ہونے کے ساتھ ساتھ انسان کے تحفظ اور تعلق کا پہلا مرکز بھی ہوتا ہے۔ اس کی دیواروں میں خاندان کی تاریخ محفوظ ہوتی ہے، اور اس کی دہلیز پر زندگی کے معمولات تشکیل پاتے ہیں۔ جب کوئی گھر تباہ ہوتا ہے تو اس کے ساتھ صرف اینٹ، گارا،پتھر اور لکڑی نہیں گرتے، بلکہ یادوں، تعلقات اور مستقبل کے منصوبوں کا ایک پورا سلسلہ متاثر ہوتا ہے۔
جنگ کی تباہ کاریوں کا سب سے المناک پہلو انسانی جانوں کا ضیاع ہے۔ ہر لاش کے پیچھے ایک مکمل زندگی ہوتی ہے؛ ایک نام، ایک خاندان، ایک خواب، کچھ ذمہ داریاں اور مستقبل کے بارے میں کچھ امیدیں۔ جب کسی انسان کی جان چلی جاتی ہے تو اس کے ساتھ صرف ایک فرد دنیا سے رخصت نہیں ہوتا، بلکہ کئی دوسرے انسانوں کی زندگیوں میں ایک ایسا خلا پیدا ہوتا ہے جسے وقت بھی مکمل طور پر نہیں کر سکتا۔ ایک ماں اپنے بیٹے سے محروم ہوتی ہے، ایک بچہ اپنے باپ کے سائے سے، ایک شریکِ حیات اپنے ساتھی سے اور ایک سماج اپنے ایک ممکنہ معمار سے محروم ہو جاتا ہے۔ اس لیے جنگ میں ہونے والی ہلاکتوں کو محض تعداد میں بیان کرنا ان کی انسانی معنویت کو محدود کر دیتا ہے۔
بلوچ نسل کشی میں ہلاکتوں، جبری گمشدگیوں، تشدد، بے دخلی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق کافی ساری دستاویزات رپورٹیں اور شواہد موجود ہیں۔ ان معاملات کی غیر جانب دارانہ تحقیق، د شواہد کی بنیاد پر حقائق کا تعین اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کسی بھی سنجیدہ بین الاقوامی فورمز کے تجزیے اور نوٹس کے بنیادی تقاضے ہیں۔
اسی تناظر میں بلوچ قومی آزادی کی جدوجہد کے بیانیے کو سمجھنا ضروری ہے۔ اس بیانیے کے اندر آزادی کا تصور صرف ایک سیاسی نعرہ نہیں، بلکہ قومی اختیار، تاریخی شناخت، قومی وقار اور اپنے آزادمستقبل کے فیصلوں میں بنیادی کردار ادا کرنے کے مطالبے سے جڑا ہوا ہے۔ اس تناظر میں بلوچ قومی مسئلے کو محض امن و امان یا انتظامی نظم و نسق کے مسئلے تک محدود کر دینا اس کے تاریخی و سیاسی پہلوؤں کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہے۔
تاریخ کا المیہ یہ ہے کہ جب قومی تنازعہ طویل عرصے تک حل طلب رہے تو ہر نئی نسل کو پہلے سے موجود زخموں کے ساتھ اپنی زندگی شروع کرنا پڑتی ہے۔ اکابریں کی تعلیمات نوجوانوں کے شعور کا حصہ بن جاتی ہیں، رہنماؤں کے فکری میراث قومی حافظے میں جگہ بنا لیتے ہیں اور ماضی کے حادثات تاریخ کا کینوس بن جاتے ہیں۔
یہ ایک نسل کی کیفیت کا بیان نہیں بلکہ تاریخی عمل کی نشان دہی ہے کہ ”جنگ آزادی کے نرسری میں پلنے والے بچہ جنگ سے ہم آغوش ہوجاتے ہیں کیونکہ ان کی کاؤنسلنگ جنگ کے دوران ہوتی ہے،‘ جس میں آزادی کی جنگ محض محاذ پر نہیں ہوتا بلکہ اجتماعی قومی شعور کا حصہ بن جاتاہے ایسے ماحول میں نشود نما پانے والے آنے والے نسلوں کے لے جنگ آزادی تربیت اور سیاسی شعور کا حصہ بن جاتاہے اور ان کی سیاسی بصیرت کو کوئی طاقت کوئی استعماری قوت شکست نہیں دے سکتا، کیونکہ وہ جنگ، جنگ کے نتائج مزاحمت، قربانی کے حاصل وصول کو لے کر ایک فعال اور متحرک ستوں بنتاہے جسے توڑنے کے لے سامراج کے جملہ جارحیت کارگر نہیں ہوتے۔
اس تمام تاریخ کے درمیان ایک اور حقیقت بھی مسلسل موجود رہتی ہے: عام انسان کی زندگی کی خواہش۔ جنگ کے شور میں بھی انسان امن چاہتا ہے، بے دخلی کے بعد بھی گھر واپسی کا خواب دیکھتا ہے، محرومیوں کے باوجود اپنے بچوں کے لیے بہتر مستقبل کی امید رکھتا ہے اور خوف کے ماحول میں بھی معمول کی زندگی کی طرف لوٹنا چاہتا ہے۔ ایک ماں کے لیے اپنے بچے کی محفوظ واپسی کسی سیاسی نظریے سے کم اہم نہیں ہوتی؛ ایک کسان کے لیے اپنی زمین پر دوبارہ کاشت کرنا زندگی کی بحالی کا مفہوم رکھتا ہے؛ ایک طالب علم کے لیے کتابوں کی طرف واپسی مستقبل کے دروازے کھلنے کی علامت ہوتی ہے۔ یہی قومی خواہشیں بلآخر آذادی کے بغیر ادھوری رہتی ہیں، اور آزادی کے حصول جنگ منطقی اہداف کا ناگزیر مرحلہ ہوتاہے۔
بلوچ تاریخ کو اگر صرف اساطیری داستانوں، کے تناظر میں بیان کیا جائے تو اس کے اندر موجود انسانی حقیقتیں نظروں سے اوجھل ہو سکتی ہیں۔ قوموں کی تاریخ میں مزاحمت، قربانی اور استقامت کے واقعات یقیناً اہم ہوتے ہیں، لیکن ان کے ساتھ ان قیمتوں کو بھی بیان کرنا ضروری ہے جو سماج ادا کرتاہے کسی تحریک کی تاریخ صرف اس کے نمایاں کرداروں کی داستان نہیں ہوتی؛ اس میں ان گمنام انسانوں کی زندگیوں کا بھی حصہ ہوتا ہے جن کے نام شاید کسی کتاب میں درج نہ ہوں، لیکن جنہوں نے اپنے گھروں، رشتوں، روزگار، تعلیم اور مستقبل کے حوالے سے ناقابلِ فراموش نقصان برداشت کیے ہوں۔
،بلوچ وطن کی اس طویل داستان کا سب سے کرب ناک پہلو یہی ہے کہ اس کے اندر انسانی زندگیوں کا ایک وسیع سلسلہ مسلسل متاثر ہوتا رہا ہے۔ اذیت، کرب، خونریزی، پناہ گزینی، مہاجرت، جلاوطنی، آبادیوں کی مسماری، انسانی بے دخلی اور انخلا جیسے تجربات کسی ایک لمحے میں ختم نہیں ہو جاتے۔ ان کے اثرات برسوں تک خاندانوں، نسلوں اور سماجی حافظے میں زندہ رہتے ہیں۔کہانی شاید یہاں ختم نہیں ہوتی، ہر روز ایک نئی کہانی جنم لیتی ہے۔ تاریخ کے سینے میں بعض کہانیاں ایسی ہوتی ہیں جن کا اختتام کسی ایک واقعے، کسی ایک موت یا کسی ایک کردار کے منظر سے غائب ہوجانے پر نہیں ہوتا، ایسی کہانیاں وقت کے بہاؤ میں تحلیل ہونے کے بجائے وقت کے شعور کا حصہ بن جاتی ہیں۔ وہ انسانی حافظے کے اندر ایک ایسی بے چینی پیدا کرتی ہیں جو گزرے ہوئے کل کو حال کے سامنے اور حال کو آنے والے کل کے روبرو کھڑا کردیتی ہے۔ ان کہانیوں کا المیہ یہ ہے کہ ان کے کردار اپنی زندگی میں جن سوالات سے نبردآزما ہوتے ہیں، ان کے جانے کے بعد وہی سوالات پوری قوم، پورے سماج اور انسانی ضمیر کے سامنے کھڑے ہوجاتے ہیں۔
ڈاکٹر نوکاپ بلوچ کی زندگی اور موت بھی اسی نوعیت کی ایک داستان ہے، جسے محض ایک فرد کی سوانح، ایک سیاسی کارکن کے سفر یا ایک ڈاکٹر کے قتل کے واقعے میں محدود کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔ اس داستان کی معنویت اس سے کہیں زیادہ وسیع، گہری اور تہہ دار ہے، بلوچ تاریخ کا مطالعہ کرتے ہوئے اس کا ایک بڑا حصہ ان بے نام گھروں میں لکھا جاتا ہے جہاں کسی کی واپسی کا انتظار کرتے کرتے شام رات میں بدل جاتی ہے؛ ان راستوں پر جہاں مسافر اپنے وطن سے دور ہوجانے کے باوجود اپنے وطن کے دکھوں سے دور نہیں ہوسکتا؛ ان مہاجر بستیوں میں جہاں زندگی اپنی تمام تر عدم وسائلی کے باوجود خود کو زندہ رکھنے کی کوشش کرتی ہے؛ اور ان انسانوں کے دلوں میں جہاں ذاتی دکھ قومی لمیے کی صورت اختیار کرلیتا ہے۔ تاریخ کا یہ غیر مرئی پہلو ایک قوم کی حقیقی اجتماعی یادداشت تشکیل پاتی ہے۔ اس یادداشت میں جنگ صرف میدانِ جنگ میں ہونے والی لڑائی کا نام نہیں رہتی، بلکہ وہ زندگی کے ہر شعبے میں داخل ہوجاتی ہے۔ وہ انسان کے خوابوں، رشتوں، روزگار، تعلیم، علاج، محبت، شناخت اور مستقبل کے تصور تک کو متاثر کرنے لگتی ہے۔
اسی تناظر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ دو ہزار کے اوائل میں بلوچ قومی آزادی کی جدوجہد کا ایک نیا مرحلہ شروع ہوا تو اس کے اثرات صرف سیاسی میدان یا عسکری محاذ تک محدود نہیں رہے۔ اس کے ساتھ ایک وسیع تر انسانی تجربے نے بھی جنم لیا، جس میں لوگوں کو اپنے سیاسی نظریات، قومی وابستگیوں، ذاتی زندگیوں اور بقا کے سوالات کے درمیان مسلسل توازن پیدا کرنا پڑا۔ اس عہد کی کہانی کو صرف نعروں، سیاسی مؤقفوں، جنگی واقعات یا نظریاتی مباحث میں سمیٹ دینا اس کے انسانی پہلوؤں کو نظرانداز کرنے کے مترادف ہوگا۔ کسی بھی تاریخی جدوجہد کی اصل پیچیدگی اس وقت سامنے آتی ہے جب ہم اس کے بڑے سیاسی بیانیوں سے آگے بڑھ کر انفرادی زندگیوں کے اندر جھانکتے ہیں، جہاں نظریات محض الفاظ نہیں رہتے بلکہ ان کی قیمت جسم، ذہن، خاندان، تعلقات اور مستقبل کی صورت میں ادا کی جاتی ہے۔
یہی وہ مقام ہے جہاں آزادی کا تصور اپنی مجرد سیاسی تعریف سے نکل کر انسانی وجود کا بنیادی سوال بن جاتا ہے۔ آزادی آخر کیا ہے؟ کیا یہ صرف ایک سیاسی منزل کا نام ہے، یا اس سے بڑھ کر ایک ایسی انسانی کیفیت ہے جس میں فرد اپنے وطن میں خوف سے آزاد ہوکر زندگی گزار سکے، اپنی شناخت کے ساتھ زندہ رہ سکے، اپنے خوابوں کی تعبیر تلاش کرسکے اور اپنے مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کرنے کا اختیار رکھتا ہو؟ اگر آزادی کا تصور انسان کی زندگی، وقار اور اختیار سے الگ کردیا جائے تو وہ محض ایک نظریاتی اصطلاح بن کر رہ جاتا ہے۔ لیکن جب یہی تصور کسی بے گھر انسان کی آنکھوں میں وطن کی یاد بن کر اترتا ہے، کسی مہاجر کے لیے واپسی کی ناممکن خواہش میں بدلتا ہے، یا کسی ڈاکٹر کے ہاتھوں میں زخمی انسان کے علاج کی ذمہ داری بن جاتا ہے، تو اس کی معنویت ایک نئی گہرائی اختیار کرلیتی ہے۔
اس میں کوئی شبہ نہیں کہ آزادی کے ہر جہد کار چائے وہ پہاڑی محاز پہ ہو شہری محاذ پہ یا قلمی محاز پہ ہو اسے ہر روز ہر لمحہ بہشت اور دوزخ کی آگ سے گزرنااور پلِ صراط عبور کرنا پڑتاہے یہ شعوری اور منطقی خیال ہے کہ آزادی کامنزل آسان، ہموار اور بے خطر راستہ نہیں کی بھی وقت کچھ بھی ممکنات کا حصہ ہیں،خطرات ہمیشہ موجود رہتے ہیں، جانی نقصانات کا اندازہ لگا یا نہیں جاسکتا اور اس سے دامن نہیں بچا یا جاسکتا ہے یہاں پلِ صراط ایک ایسی علامت بن جاتی ہے جس پر کھڑے جہد کار کوآگے بڑھنے کی ضرورت بھی ہوتی ہے اور گر جانے کا ادراک بھی۔ اس کے قدموں کے نیچے عدم تحفظ کا احساس ہوتا ہے، جبکہ سامنے ایک ایسی منزل کا تصور موجود ہوتا ہے جس کی معنویت اس کی تمام تر دشواریوں کے باوجود انسان کو سفر جاری رکھنے پر آمادہ کرتی ہے۔
اس کشمکش میں آزادی محض منزل نہیں رہتی، بلکہ ایک مسلسل آزمائش بن جاتی ہے؛ جہاں تاریخ کے درگاہ پر بار بار خونریز مراقبہ کرنا پڑتاہے تاہم اس پلِ صراط کا سب سے دردناک پہلو یہ ہے کہ اس پر سفر کرنے والے تمام انسان ایک جیسے حالات سے نہیں گزرتے۔ کسی کے حصے میں میدانِ جنگ آتا ہے، کسی کے حصے میں زندان، کسی کے حصے میں جدائی، کسی کے حصے میں بے وطنی اور کسی کے حصے میں دوسروں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی ذمہ داری۔ یہ جدوجہد کی چورکو خوبصورتی ہے کہ ایک ہی عہد اور ایک ہی محاذ میں میں زندہ رہنے والے لوگ اپنے اپنے حصے کے المیے کو الگ الگ انداز میں جھیلتے ہیں، لیکن ان کے درد اور فکر کے درمیان ایک غیر مرئی رشتہ قائم رہتا ہے۔
ڈاکٹر نوکاپ بلوچ کی زندگی اس پل صراطی تناظر میں ایک خاص معنویت اختیار کرتی ہے۔ وہ آزادی کے سیاسی عمل میں شریک ہوتا ہے، بلوچ نیشنل موومنٹ کے پلیٹ فارم سے جڑ جاتاہے، لوگوں کو موبلائز کرتاہے، مسلسل متحرک رہتاہے،وہ اس دوران لمحہ لمحہ خود کو موت کی آغوش میں محسوس کرتا ہوا سفر کرتاہے، آگ بڑھتاہے کیونکہ اس اس کا شعوری ادراک ہے کہ آزادی کے جدوجہد کرنے والوں کا ڈیتھ وارنٹ پر دستخط ہوچکا ہوتا ہے۔ شہید غلام محمد سے لے کر ڈاکٹر منان جان اور ہزاروں پارٹی کارکنوں کی شہادت اس کی پیشگی ناگزیریت میں درج ہے، جب حالات اس کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہیں تو اس کی زندگی کا راستہ بدل جاتا ہے۔ وہ پناہ گزین بن جاتا ہے۔وطن سے دور ہونا محض زمین سے فاصلے کا نام نہیں؛ یہ ان مانوس راستوں سے بچھڑنے کا نام ہے جن پر انسان نے بچپن گزارا ہو، ان آوازوں سے محروم ہونے کا نام ہے جن میں اس کی زبان اور تہذیب کی بازگشت ہو، ان چہروں سے دور ہوجانے کا نام ہے جن میں اس کی ذاتی تاریخ محفوظ ہو، اور اس روزمرہ زندگی سے کٹ جانے کا نام ہے جس کے اندر انسان اپنی شناخت کو فطری انداز میں محسوس کرتا ہے۔
وطن انسان کے لیے صرف جغرافیہ نہیں ہوتا۔ وہ اس کے وجود کا ایک ایسا حوالہ ہوتا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے ماضی کو سمجھتا، اپنے حال کو معنی دیتا اور اپنے مستقبل کا تصور قائم کرتا ہے۔ جب انسان اپنے وطن سے دور ہوجاتا ہے تو اس کے اندر ایک ایسا خلا پیدا ہوسکتا ہے جسے نئی زمین، نئی زبان، نئے ماحول اور نئے تعلقات کے ذریعے مکمل طور پر کرنا آسان نہیں ہوتا۔ اس کی زندگی جاری رہتی ہے، وہ نئے راستے تلاش کرتا ہے، نئے لوگوں سے ملتا ہے اور بقا کے تقاضے پورے کرتا ہے، لیکن اس کے وجود میں ایک ایسا گوشہ باقی رہ سکتا ہے جہاں وطن کی یاد خاموشی سے زندہ رہتی ہے۔ جلاوطنی کی اذیت یہی ہے کہ انسان اپنے ماضی کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کرتا ہے، مگر ماضی اس کے اندر سفر کرتا رہتا ہے۔ڈاکٹر نوکاپ بلوچ کی کہانی کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ وہ اپنی جلاء وطنی کی ازیت کو بھول کر گارشیا مارکیز کی طرح سوچتا ہے کہ میرے ہم وطنو،میں نے آپ کے لے بہت کچھ سیکھا ہے کہ اگر میں یہ سب اپنے سینے میں قید کرکے مر جاؤں تو یہ میرے لئے بد بختی کی موت ہوگی۔
وہ ہزاروں بلوچ مہاجرین کے لیے مسیحا بن جاتا ہے۔ وہ اپنی ذات سے آگے بڑھ کر دوسروں کے درد اور تکلیف اور بیماریوں کو سمجھنے اور ان کا علاج کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہی سے ڈاکٹر نوکاپ بلوچ کی شخصیت کا قومی و انسانی اور فکری پہلو سامنے آتاہے جو اسے محض پناہ گزینی کے ایک کردار سے بلند کرکے اپنے دیگر ہم وطن پناہ گزینوں سے مانوس کرتاہے، وہ چاہتا تھا تو ایک کمرے میں ایک چار دیواری میں خود کو قید کرکے اپنے لے محفوظ راستہ تلاش کرسکتا تھا اسے معلوم تھا کہ وہاں لا تعداد بلوچ پناہ گزین ریاستی دہشت گردی میں شہید کئے گئے، وہ بھی انہی کی طرح غیر محفوظ تھا،انہیں ساجد بلوچ اور بانک کریمہ کے شہادت کے پیچھے محرکات کا بھی علم تھا، لیکن اس نے اپنی تحفظ اور جان بخشی کے بجائے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنے ہم پناہ گزینوں کا مسیحا بن کر زندگی کی دشوار ترین مرحلہ کا انتخاب کیا اور دوسروں کی زندگیوں کے لے کوشان خود عدم تحفظ کی زد میں رہا۔ یہی وہ مقام ہے جہاں اس کردار کی اصل معنویت اور عظمت سامنے آتی ہے، اس نے اپنی زندگی میں کتنی مشکلات برداشت کیں، اور ان مشکلات نے اس کے اندر دوسروں کے لیے کتنی گنجائش پیدا کی۔
بلوچ تاریخ میں ایسے کرداروں کی اہمیت ہمیشہ غیر معمولی رہی ہے جو اپنے ذاتی المیات کو دوسروں کے لیے آسانی پیدا کرنے کی قوت میں تبدیل کردیتے ہیں۔ دکھ انسان کو توڑ بھی سکتا ہے اور اس کے شعور کو وسعت بھی دے سکتا ہے۔ بعض اوقات تکالیف، کرب، ازیتیں انسان کو اپنی ذات کے حصار میں بند کردیتی ہے، جبکہ بعض حالات میں یہی اذیتیں اسے دوسرے انسانوں کی تکلیف سمجھنے کے قابل بناتی ہے۔ جب کسی شخص نے خود بے گھری کا تجربہ کیا ہو تو وہ گھر سے محروم انسان کے چہرے پر لکھی ہوئی بے یقینی کو نسبتاً زیادہ گہرائی سے پڑھ سکتا ہے۔ جب اس نے خود عدم تحفظ کا سامنا کیا ہو تو وہ کسی دوسرے انسان کی بے بسی کو محض ایک سماجی مسئلہ نہیں سمجھتا، بلکہ اسے ایک زندہ انسانی حقیقت کے طور پر محسوس کرتا ہے۔
ڈاکٹر نوکاپ بلوچ کی شخصیت کا یہی پہلو اسے محض ایک سیاسی کردار کی شناخت سے آگے لے جاتا ہے۔ وہ ایک ایسے انسانی تجربے کی علامت بن جاتا ہے جس میں سیاسی حالات سے متاثر ہونے والا شخص اپنی انسانی ذمہ داریوں سے دست بردار ہونے کے بجائے انہیں ایک نئے انداز میں اختیار کرتا ہے۔ وہ خود پناہ گزین ہے، لیکن دوسرے پناہ گزینوں کے لیے سہارا بنتا ہے؛ وہ خود ایک غیر یقینی زندگی سے گزر رہا ہے، لیکن دوسروں کی زندگی میں کچھ یقین پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے؛ وہ خود ایک ایسے مستقبل کے سوال سے دوچار ہے جس کی ضمانت اس کے پاس نہیں، مگر وہ دوسروں کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لیے اپنے علم اور صلاحیت کو بروئے کار لاتا ہے۔
طب کا پیشہ انسانی اخلاقیات کے ایک بنیادی اصول کی یاد دہانی بھی ہے: انسانی زندگی اپنی بنیادی قدر میں کسی بھی شناختی تقسیم سے بڑی ہے۔ بیماری کسی قومیت سے اجازت نہیں لیتی، درد کسی نظریے کی تصدیق نہیں مانگتا، اور زخم اس بات کا انتظار نہیں کرتا کہ زخمی شخص کس سیاسی مؤقف سے تعلق رکھتا ہے۔ علاج کی ضرورت انسان کو اس کی سب سے بنیادی حیثیت میں سامنے لاتی ہے؛ یعنی ایک ایسے وجود کے طور پر جو تکلیف محسوس کرتا ہے، زندگی چاہتا ہے اور اپنی تکلیف سے نجات کا حق رکھتا ہے۔
ڈاکٹر نوکاپ بلوچ کی کہانی میں یہی اخلاقی کشمکش ایک اہم سوال کی صورت اختیار کرتی ہے۔ اسے کیا معلوم تھا کہ وہ جس کا علاج کرنا چاہ رہاہے، وہ اس کا قاتل بن سکتا ہے، ایک طرف اس کی اپنی زندگی ہے، اس کے سیاسی و طبی تجربات ہیں، اس کی جلاوطنی ہے اور اس کی اپنی بقا کے تقاضے ہیں؛ دوسری طرف وہ ہزاروں انسان ہیں جنہیں علاج، ہمدردی اور سہارا درکار ہے۔ اس صورت حال میں اس کا کردار ہمیں بتاتا ہے کہ انسان کی زندگی کا مفہوم صرف اپنی بقا کو یقینی بنانے میں نہیں، بلکہ بعض اوقات دوسروں کی بقا کے لیے اپنی صلاحیتوں کو وقف کرنے میں بھی پوشیدہ ہوتا ہے۔ یہ کوئی آسان اخلاقی انتخاب نہیں، کیونکہ خدمت کا راستہ خود عدم تحفظ، سے خالی نہیں ہوتا۔ لیکن انسانی تاریخ میں یہی وہ مقامات ہیں جہاں اخلاقی اقدار محض تقریری الفاظ سے نکل کر عملی حقیقت بن جاتی ہیں۔
اس پوری داستان کا المیہ اس وقت مزید گہرا ہوجاتا ہے جب وطن سے دور ایک مریض کے بھیس میں آنے والے چند افراد اس کے پاس پہنچتے ہیں اور اسے گولیوں سے بھون ڈالتے ہیں۔ اس واقعے کو محض ایک شخص کی موت کے طور پر پڑھنا اس کے اندر پوشیدہ اخلاقی اور انسانی سوالات کو نظرانداز کرنا ہوگا۔ یہاں ایک ایسے شخص کی زندگی کا خاتمہ ہوتا ہے جو دوسروں کے جسمانی درد کو کم کرنے کے لیے اپنے علم اور مہارت کو استعمال کرتا تھا۔ ایک ایسے انسان کا سفر رک جاتا ہے جس نے اپنی بے وطنی کے باوجود دوسرے بے وطن انسانوں کے لیے خدمت کا راستہ اختیار کیا تھا۔ اور ایک ایسا المیہ سامنے آتا ہے جس میں انسانی زندگی کے تحفظ سے وابستہ ایک کردار خود تشدد کا نشانہ بن جاتا ہے۔
یہاں ہمیں اعتراف کرنا ہوگا کہ کسی شخص کے آخری لمحے اس کی پوری زندگی کی جگہ نہیں لے سکتے۔ اگر ہم اس کی موت کو ہی اس کی شناخت بنا دیں تو ہم اس زندگی کو نظرانداز کردیں گے جس نے اس موت کو ایک انسانی المیہ بنایا۔ اس نے کن حالات میں زندگی گزاری، کن مشکلات کا سامنا کیا، کن لوگوں کے لیے اپنے پیشہ کو استعمال کیا اور کس طرح اپنی قوم کی آزادی کی تحریک کے لے کام کیا، اگر وہ زندہ رہتا، شاید زیادہ کام کرتا ، زیاد متحرک رہتا۔ وہ تاریخ کے درگاہ پر مراقبہ کرتا رہا ،وہ جدوجہد کے اعمال، محرکات، نتائج اور اپنی اخلاقی و عملی ذمہ داریوں پر غور کرتا رہا ہوگا ۔ تحریکی مراقبہ یہاں خاموشی سے بیٹھنے کا نام بھر نہیں، بلکہ اپنے اندر موجود صلاحیت، علم فکر اور تعلیمات ، حربی و جنگی صلاحیتوں، امید، دلیری جرائت اور موقف کو سامنے رکھنے کا عمل ہے۔ استعمار کے سامنے کھڑے ہونا اپنا میعار بنا نا آسان نہیں جان جھو کوں کا کام ہے، دو دہائیوں میں اپنی جدوجہد اور اپنی موقف پر ڈٹے رہنا، نہ ٹوٹنا، نہ بکھرنا یہ مرد آہن کا کام ہے کسی لگژری انسان کا نہیں۔
اور یہاں ایک سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ایک ایسے عظیم فرد کے موت ختم کرسکتی ہے ، یا اس کے کردار سے وابستہ اعمال اس کی موت کے بعد بھلادیئے جاسکتے ہیں، یقینی طور پر نہیں، یہ استعمار کی کلیدی غلطی ہے کہ وہ کسی امر انسان کو مار کر اس کے فکر اور آدرش کو ختم کرسکتا ہے، یہ استعمار کی اپنی خوف اور بزدلی کی علامت ہے جو شاید قابل رحم ہیں،ایک فرد کے قتل کی کہانی گولیوں کی آواز میں ایک ایسے موڑ پر پہنچ جاتی ہے جہاں زندگی کا ظاہری تسلسل منقطع ہوجاتا ہے۔ لیکن کیا کسی انسان کی زندگی کا خاتمہ اس کے کردار کی معنویت کا بھی خاتمہ ہے؟ یقینا نہیں، بلکل بھی نہیں، یہ استعما ر کی خام خیالی ہے ، دنیا کے سامراجوں اور طاقتور سلطنتوں نے گنتی کے کتنی لاشوں کے قبرستان آباد کئے، وہ قوموں کے سیاسی اداروں کو تباہ کیا گیا، معیشیت کو نقصان پہنچایا لیکن اس کی آزادی کی منزل کو روک نہیں سکا، کیون کہ انسان صرف جسمانی وجود نہیں بلکہ فکری وجود بھی ہے انسان کو قتل کیا جا سکتاہے، لیکن اس کے خیال، تعلیمات کا مستقبل اس کے قتل کرنے والے طاقت سے طے نہیں ہوتا۔
مگر کسی کردار کو یاد رکھنے کا حقیقی مقصد صرف اس کی موت پر غم کا اظہار کرنا نہیں ہونا چاہیے۔ یادداشت اگر صرف سوگ بن جائے تو وہ ماضی کو محفوظ تو رکھ سکتی ہے، لیکن مستقبل کو بدلنے کی قوت شاید پیدا نہ کرسکے۔ اس کے برعکس اگر یادداشت کسی انسان کی زندگی میں موجود اقدار کو سمجھنے، اس کی افکار کو محفوظ کرنے،اور مستقبل میں ایسے المیوں کو روکنے کی تحریک کا ذریعہ بن جائے تو وہ ایک زندہ اخلاقی قوت میں تبدیل ہوسکتی ہے۔ڈاکٹر نوکاپ بلوچ کی داستان کو اسی مشترکہ زاویہئ نظر سے پڑھنے کی ضرورت ہے۔
یہ ایک ایسے انسان کی کہانی ہے جس کا سفر سیاسی وابستگی سے شروع ہوکر جلاوطنی، سیاسی جدوجہد،سماجی خدمت اور انسانی ذمہ داری کے مختلف مرحلوں سے گزرتا ہے شاید اسی لیے یہ کہانی یہاں ختم نہیں ہوتی۔ اس کا تسلسل صرف اس بات میں نہیں کہ اس کے بعد بھی ایسے واقعات نہیں پیش آسکتے، ایسے واقعات آزادی کے حصول تک ممکنہ طور پر پیش آئیں گے لیکن ایک کے گرنے کے بعد دوسرا اس کی جگہ لے لے اور اس قوت کو نئی توانائی سے آگے بڑھائیں اور آزادی کے حصول کے لے اس میکنزم سے جڑے رہے جس سے شہید وابسطہ تھا، تو اس سے شہادت کے ارمان اور غم، کرب کم ہوسکتے ہیں کیونکہ شہیدوں کا بدلہ آزاد وطن ہے۔اور کیا تاریخ کے درگاہ میں کھڑے ہوکر مراقبہ کرنے کا مقصد صرف گزرے ہوئے المیوں پر آنسو بہانا ہے، یا ان سے سیکھ کر ایک زیادہ منصفانہ اور قومی و انسانی مستقبل کی تعمیر کی کوشش ہے؟
تاریخ کے درگاہ میں کھڑے ہوکر مراقبہ کرنے کا مفہوم میرے نظر میں یہی ہے کہ ہم ماضی کے درد کو محض ایک یادگار نہ بنائیں، بلکہ اسے اپنے حال کے شعور اور مستقبل کی ذمہ داری میں تبدیل کریں۔ آزادی کے پلِ صراط پر چلنے والے انسانوں کی داستانیں اسی وقت اپنی پوری معنویت حاصل کرتی ہیں جب ان کے اندر موجود انسانی تجربے کو سمجھا جائے، ان کے فکر کو سنجیدگی سے لیاجائے اور ان کی زندگی سے وابستہ میراث کو فراموش نہ کیا جائے۔
***