چین کیساتھ سرحد پر صورتحال خطرناک ہے، بھارتی آرمی چیف

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بھارت کی فوج کے سربراہ جنرل منوج نریوانے نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ سرحد پر صورتِ حال خطرناک ہے تاہم مذاکرات کے ذریعے سرحدی کشیدگی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔

بھارتی آرمی چیف نے سرحدی علاقے کے دورے کے موقع پر جمعے کو مقامی خبر رساں ادارے ‘اے این آئی’ سے گفتگو کی۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر صورتِ حال ‘معمولی’ کشیدہ ہے۔ ان کے بقول ہمیں توقع ہے کہ سرحدی تنازع مکمل طور پر بات چیت کے ذریعے ہی حل ہو سکتا ہے۔

چین اور بھارت کے درمیان کوئی مستقل سرحد نہ ہونے کی وجہ سے دونوں ملکوں کو تقسیم کرنے والی سرحد کو لائن ا?ف ایکچوئل کنٹرول کہا جاتا ہے۔ جہاں دونوں ملکوں کی فوجیں گزشتہ کئی ماہ سے الرٹ ہیں جب کہ چند روز قبل ہی بھارت نے لداخ میں اضافی فوجی دستے بھی تعینات کیے ہیں۔

بھارتی آرمی چیف سرحدی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کو ہی لداخ ریجن پہنچے ہیں۔ ا±ن کے بقول اہلکاروں کا مورال بلند ہے اور وہ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

‘اے این آئی’ کے مطابق بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انہوں نے سرحد پر موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لیا ہے۔ انہوں نے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور افسران اور اہلکاروں سے بات چیت بھی کی ہے۔

جنرل منوج نے کہا کہ گزشتہ دو سے تین ماہ کے دوران سرحد پر کشیدہ صورتِ حال ہے لیکن ہم عسکری اور سفارتی سطح پر چین کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ بات چیت کا عمل مستقبل میں بھی جاری رہے گا اور ہم توقع رکھتے ہیں کہ بات چیت کے ذریعے اختلافات کا حل تلاش کر لیں گے۔

یاد رہے کہ رواں برس جون میں لداخ کی گلوان وادی میں دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان ہونے والی جھڑپ کے نتیجے میں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔

Share This Article
Leave a Comment