بلوچستان کے علاقے لورالائی اور کوئٹہ میں فائرنگ کے واقعات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ۔جبکہ تربت اور حب سے 2 لاشیں برآمدہوئی ہیں۔
لورالائی کے علاقے مرغہ کبزئی کے قر یب 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے 3 افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز مرغہ کبزئی کے قریب کلی زڑہ میں مسلح افراد کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں شاہ فیصل ، ملک عبدالکریم اور ایک ساتھی موقع پرہلاک جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا
فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ نے موقع پر پہنچ کر نعشیں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کردیا نعشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئیں مزید کارروائی مقامی انتظامیہ کررہی ہے۔
اسی طرح کوئٹہ میں تھانہ شالکوٹ کے علاقے ہزار گنجی میں آپس میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہزار گنجی ٹرک اڈہ میں آپس میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے احمد یار نامی نوجوان ہلاک ہوگیا۔
ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، نعش ہسپتال منتقل کردیا گیا جسے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔
مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔
دوسری جانب تربت میں پولیس نے نامعلوم شخص کی گولیوں سے چھلنی نعش قبضے میں لے لی۔
تربت کے علاقے سے پولیس نے نامعلوم شخص کی گولیوں سے چھلنی نعش قبضے میں لے لی۔
پولیس کے مطابق تربت کے علاقے کلاتک سورگ بازار سے ایک نامعلوم شخص کی نعش قبضے میں لے کر ہسپتال پہنچادیا جسے فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا ۔
پولیس نے نعش ضروری کارروائی کے بعد شناخت کیلئے ہسپتال کے مردہ خانے میں رکھ دی اور مزید کارروائی شروع کردی۔
دریں اثنا حب کے قریب سڑک کے کنارے ایک شخص کی نعش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق روز حب نذر چورنگی کے قریب سڑک کے کنارے سے ایک نامعلوم شخص کی نعش ملی جس کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
نعش ضروری کارروائی کے بعد شناخت کے لئے مردہ خانے میں رکھ دی گئی مزید کارروائی پولیس کررہی ہے۔