ہرنائی میں تھانے اور کمیونیکیشن ٹاور کو دھماکے سے تباہ، چاغی میں ایل پی جی کی متعدد گاڑیاں نذرِ آتش

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے ہرنائی اور چاغی میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس تھانے کی عمارت، ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور اور معدنیات و ایل پی جی لے جانے والی متعدد گاڑیوں کو نشانہ بنایا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اتوار کے روز ہرنائی کے پہاڑی علاقے پان غر میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو دھماکے سے اڑادیا۔ اس کارروائی کے باعث علاقے میں پی ٹی سی ایل اور ڈی ایس ایل انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے، تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

علاوہ ازیں، ہرنائی ہی کے علاقے سنجاوی روڈ پر واقع ڈیلکو نہ پولیس تھانہ کی عمارت کو بھی نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد سے اڑادیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے وقت تھانے میں پولیس اہلکار موجود نہیں تھے، جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس نے دونوں واقعات کے بعد مقدمات درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب، ضلع چاغی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دالبندین کے قریب نوکچاہ کے مقام پر مسلح افراد نے شاہراہ پر ناکہ بندی کی اور معدنیات لے جانے والی گاڑیوں کے ایک قافلے کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

مسلح افراد نے اس قافلے میں شامل 8 گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لینے کے بعد نذرِ آتش کر کے تباہ کر دیا۔

اسی مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے پانچ ایل پی جی بوزر گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی۔

واقعے کے نتیجے میں گاڑیوں میں شدید آگ بھڑک اٹھی اور دور دور تک دھوئیں کے بادل دکھائی دیتے رہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جلائے گئے تمام بوزر مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئے ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article