وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور پاکستانی آرمی چیف جنرل عاسم منیر سے ملاقات کے بعد اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے ملاقات کی، جس میں عالمی و علاقائی صورتحال، دہشت گردی کے خطرات اور اقوام متحدہ کے امن مشنز سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ان کے بقول افغانستان میں اس وقت 25 دہشت گرد تنظیمیں سرگرم ہیں جو نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے بھی ایک بڑا خطرہ ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ عالمی برادری کو اس خطرے سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اختیار کرنا ہوگی۔ انھوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی پولیس افسران اور اہلکار بھی اقوام متحدہ کی پولیس فورس کا حصہ ہیں، جبکہ پاکستان امن مشنز کے دوران اب تک 181 جانوں کی قربانی دے چکا ہے۔
اس موقع پر انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن کے لیے پاکستان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور امن مشنز میں اس کی شمولیت ہمیشہ نمایاں رہی ہے۔
ملاقات کے اختتام پر وزیر داخلہ نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی مدد اور معاونت پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں سپیشل سیکریٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اور وزارتِ داخلہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
اس سے قبل اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے منگل کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز عاصم منیر سے ملاقات کی۔
فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوامِ متحدہ کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر ے دعویٰ کیا ہے کہ انتونیو گوتریس نے ’علاقائی تنازعات کے پُر امن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو خاص طور پر سراہا۔‘
آئی ایس پی آر کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ’علاقائی استحکام، جموں و کشمیر تنازع، انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل رکھنے اور افغانستان سے جنم لینے والی شدت پسندی سمیت مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔‘
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بین الاقوامی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں ملک کی خدمات کو اجاگر کیا۔
پریس ریلیز میں دعویٰ کیا گیا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے شدت پسندی کے خلاف جنگ اور اقوامِ متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔