ضلع خضدار: اورناچ میں پاکستانی فوج کی جارحیت، آبادی پر شیلنگ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے ضلع خضدار کے مختلف علاقوں میں پاکستانی فوج کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے۔

آمدہ اطلاعات کے مطابق خضدار کے علاقے اورناچ میں سورگڑ کے علاقوں میں مختلف مقامات پر پاکستانی فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹروں سے شیلنگ کی گئی ہے، جبکہ گن شپ ہیلی کاپٹروں کی پروازیں تاحال علاقے میں جاری ہیں۔

خضدار میں حالیہ دنوں سے بڑے پیمانے پر زمینی و فضائی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جہاں تحصیل وڈھ، اورناچ، زہری سمیت مختلف علاقے فوجی جارحیت کی زد میں ہیں۔

اسی طرح گزشتہ روز وڈھ کے دراکھالہ گاسلٹی ایریا میں پاکستانی فوج کی جانب سے مقامی آبادی پر گولہ باری اور شیلنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا، جبکہ متعدد مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔

واقعے کے خلاف اہلِ علاقہ نے لاش کے ہمراہ شاہراہ پر دھرنا دے کر احتجاج ریکارڈ کرایا تھا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ پاکستانی فوج نے فضائی جارحیت کے دوران مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ اور کنڈ عمرانی میں شیلنگ کرتے ہوئے مقامی آبادی کو نشانہ بنایا تھا، جس میں مدرسے سمیت قریبی گھر متاثر ہوئے تھے۔

اسی طرح خاران میں بھی پاکستانی فوج کی جانب سے شیلنگ کے نتیجے میں متعدد مویشی ہلاک ہوگئے تھے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article