آصف بلوچ ودیگر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیےبی وائی سی کا وی بی ایم پی کے احتجاجی کال کی حمایت

ایڈمن
ایڈمن

بلوچ یکجہتی کمیٹی ( بی وائی سی ) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کمیٹی وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کی جانب سے آصف بلوچ کی فیملی کے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کرتی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی واضح الفاظ میں اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ بلوچستان میں جاری ریاستی جبر اس حد تک پہنچ چکا ہے کہ یہاں کے بلوچ عوام کو بنیادی انسانی حقوق اور باوقار زندگی کے حق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ آج بلوچستان میں طلبہ، سیاسی کارکن، ڈاکٹرز، خواتین اور عام شہری، کوئی بھی ریاستی جبر اور جبری گمشدگیوں سے محفوظ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی تمام بلوچ عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنی مزاحمتی روایات کی پاسداری کرتے ہوئے کل شام 4:00بجےکوئٹہ پریس کلب کے سامنے آصف بلوچ کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور بلوچستان میں جاری ظلم، جبر اور جبری گمشدگیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز نے اپنے ایک بیان میں آصف بلوچ سمیت دیگر افراد کی بازیابی کے لئے احتجاجی مظاہرے کااعلان کیا تھا۔

وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ آج بروز ہفتہ شام 4 بجے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیرِ اہتمام جبری لاپتہ آصف بلوچ سمیت تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے سیاسی جماعتوں، طلبہ تنظیموں، وکلا، سول سوسائٹی، صحافیوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ اس پرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں اور آصف بلوچ سمیت دیگر لاپتہ افراد کی بازیابی، جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور لاپتہ بلوچوں کے مبینہ ماورائے عدالت قتل کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article