بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز (وی بی ایم پی) کا احتجاجی کیمپ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے آج 6303ویں روز بھی جاری رہا۔
وی بی ایم پی کے چیئرمین نصراللہ بلوچ نے کہا کہ تنظیم کی جانب سے جبری لاپتہ آصف بلوچ، حمل خان قمبرانی، بیبرگ قمبرانی، شاہد کرد اور نور محمد کرد کے کیسز لاپتہ افراد سے متعلق قائم کمیشن اور صوبائی حکومت کو باضابطہ طور پر فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ ان کی باحفاظت بازیابی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمیشن اور صوبائی حکومت اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے آصف بلوچ، حمل خان قمبرانی، بیبرگ قمبرانی، شاہد کرد، نور محمد کرد سمیت دیگر جبری لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان افراد پر کوئی الزام ہے تو انہیں قانون کے مطابق منظرِ عام پر لا کر عدالت میں پیش کیا جائے تاکہ ان کے اہلِ خانہ کو طویل عرصے سے جاری کرب، بے یقینی اور اذیت سے نجات مل سکے۔