بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے گھنہ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک جبکہ پنجگور اور وندر سے 2 افراد کی لاشیں برآمدہوئی ہیں۔
ضلع کیچ کے مرکزی شہر تربت کے نواحی علاقہ گھنہ میں منگل کی شام نامعلوم موٹرسائیکل سوار وں کی فائرنگ سے فیصل ولد رسول بخش سکنہ گھنہ نامی شخص ہلاک ہوگیا۔
قتل کی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی۔
دوسری جانب پنجگور کر علاقے گرمکان سے ایک نا معلوم شخص کی لاش ملی۔
پولیس نے لاش اسپتال منتقل کر دی جس کو ضروری کاروائی کے بعدشناخت کےلئے مردہ خانہ میں رکھ دیا گیا ۔
ایک اور واقعے میں وندر کے علاقے میراں پیر روڈ سے متصل بادین گوٹھ چھنچھڑائی کے قریب واقع ایک زرعی فارم میں درخت کے نیچے سے گولیاں لگی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔
اطلاع ملتے ہی وندر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر شناخت اور قانونی کارروائی کے لیے رورل ہیلتھ سینٹر وندر منتقل کردیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت 30 سالہ اصغر علی ولد نامعلوم، ساکن کراچی کے طور پر ہوئی ہے۔
ابتدائی معائنے کے مطابق مقتول کے جسم پر پانچ گولیاں لگی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسے فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی، جبکہ قتل کے محرکات اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔