دالبندین میں مسلح افراد کا حملہ، محکمہ ایکسائز کے 3 اہلکار زیر حراست

ایڈمن
ایڈمن
1 Min Read

بلوچستان کے ضلع چاغی کے مرکزی شہر دالبندین میں تفتان شاہراہ پر ڈھڈر کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے محکمہ ایکسائز کی عارضی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور محکمہ ایکسائز کے 3 اہلکاروں کو دو سرکاری گاڑیوں اور سرکاری اسلحہ سمیت اپنے ساتھ لے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت ایکسائز اہلکار عارضی چیک پوسٹ پر ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ مسلح افراد نے حملہ کیا۔

حملے کے بعد مسلح افراد مغوی اہلکاروں، سرکاری گاڑیوں اور اسلحے سمیت فرار ہوگئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کا سراغ لگانے اور مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور فرار کے راستوں کا بھی تعین کیا جا رہا ہے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article