ضلع کیچ سے مزید 2 خاندانوں کا اپنے جبری لاپتہ پیاروں سے اظہارلاتعلقی کا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستانی فوج نے بلوچستان میں میڈیا بلیک آؤٹ اور عدلیہ کو کنٹرول کرنے کے آڑ میں جبری لاپتہ افراد کے لواحقین پر زندگی مزید تنگ اور جبری لاپتہ کیسز کو متنازع بنانے کے اقدامات کو تیز کر دیا ہے۔

جبری لاپتہ افراد کی رہائی کو ممکن بنائے بغیر اب لواحقین کو ان کے جبری لاپتہ پیاروں سے اظہارِ لاتعلقی کے جبری پریس کانفرنسز کرائے جا رہے ہیں، جس کے تحت ضلع کیچ کے مزید 2 خاندانوں کو ان کے جبری لاپتہ افراد کے خلاف پریس کانفرنسز کے ذریعے دباؤ ڈالا گیا ہے۔

یہ صورتحال انتہائی گھمبیر ہے، جہاں جبری لاپتہ افراد کے لواحقین کو ڈرا دھمکا کر ان سے اپنے ہی پیاروں سے اظہارِ لاتعلقی پر مجبور کیا جا رہا ہے، کیونکہ جبری گمشدگیوں کے معاملات پر اقوامِ متحدہ (UN) سمیت عالمی دنیا پاکستان اور اس کی فوج کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے اور جواب طلب کر رہی ہے۔

اس عالمی دباؤ سے بچنے کے لیے اب لوگوں کو اظہارِ لاتعلقی پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی خاندانوں کو ان کے نوکریوں سے برخاست کرنے اور زمین و جائیدادیں ضبط کرنے کی بھی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس سے مجبور ہو کر لاپتہ افراد کے لواحقین اس طرح کی پریس کانفرنسز کر رہے ہیں۔

ضلع کیچ کے تحصیل بلیدہ کے علاقے میناز کے رہائشی محمد عارف نے اپنے بیٹے بہرام سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہوئے شدید رنج، کرب اور شرمندگی کا اظہار کیا ہے۔

محمد عارف نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کا بیٹا بہرام گھر چھوڑ کر ایک کالعدم تنظیم میں شامل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کے اس عمل سے لاتعلق ہیں اور اس کی حمایت نہیں کرتے۔

انہوں نے بہرام سے اپیل کی کہ وہ گمراہی کا راستہ ترک کر کے ہتھیار چھوڑ دے اور واپس قومی دھارے میں شامل ہو جائے۔

دوسری جانب، ضلع کیچ کے علاقے سامی کے رہائشی ہزام یاسین نے تربت پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے رشتہ دار جالب اور بہنوئی نجیب اللہ سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے مذکورہ رشتہ داروں کی سرگرمیوں سے کسی بھی قسم کا تعلق یا وابستگی نہیں رکھتے اور ان کے اعمال و فیصلوں کی ذمہ داری ان پر عائد نہیں ہوتی۔

ہزام یاسین نے متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ ان کے خاندان کو کسی قسم کی ہراسانی یا مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، جبکہ انہوں نے اپنے رشتہ داروں سے بھی اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے قومی دھارے میں واپس آئیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article