کوئٹہ سے نوجوان جبری لاپتہ، ہرنائی سے سیکورٹی افسر سمیت 4 پولیس اہلکاروں کی لاشیں برآمد

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

بلوچستان کے مرکزی شہر کوئٹہ سے پاکستانی فوج کے ہاتھوں ایک نوجوان جبری لاپتہ ہوگیا جبکہ ہرنائی سے سیکورٹی افسر سمیت 4 پولیس اہلکاروں کی لاشیں برآمدہوئی ہیں۔

خضدار کے علاقے کھنڈ سے تعلق رکھنے والے آصف ولد محمد کو پاکستانی فوج نے 13 جولائی 2026 کو صبح تقریباً پانچ بجے کوئٹہ کے علاقے ایمان سٹی، سمنگلی روڈ سے حراست میں لے کر نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے بعد سے ان کے بارے میں کوئی مستند اطلاع یا سراغ سامنے نہیں آیا، جس کے باعث پورا خاندان شدید ذہنی اذیت اور بے چینی کا شکار ہے۔

خاندان کے مطابق آصف ولد محمد 13 جولائی کی صبح ایمان سٹی، سمنگلی روڈ کے علاقے میں موجود تھے، جہاں سے پاکستانی فوج نے حراست میں لیا ہے۔

اہلِ خانہ نے انسانی حقوق کی تنظیموں، سماجی کارکنوں، سیاسی جماعتوں، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے پر آواز بلند کریں۔

دوسری جانب کوئٹہ کے قریب ضلع ہرنائی کے پہاڑی علاقے شعبان سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں جن کے بارے میں حکام کا کہنا ہے کہ چاروں کو مسلح افراد نے اغوا کے بعد گولیاں مار کرہلاک کیا ہے۔

پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لے کر کوئٹہ کے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کر دیا جہاں ان کی شناخت ایئرپورٹ سکیورٹی فورسز کے انسپکٹر زبیر احمد شاہوانی، کوئٹہ کے علاقے شیخ ماندہ کے رہائشی سی ٹی ڈی کے سابق اہل کار سید خلیل الرحمان، زیارت کے رہائشی فوج کے ریٹائرڈ حوالدار محمد صادق پانیزئی اور زیارت پولیس کے کانسٹیبل فرید اللہ کاکڑ کے ناموں سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق انسپکٹر زبیر احمد شاہوانی کوئٹہ کے علاقے جناح ٹاؤن کے رہائشی تھے اور ان کے اغوا کا مقدمہ ان کے والد نے جناح ٹاؤن پولیس سٹیشن میں 24 جون کو درج کروایا تھا اور کہا تھا کہ ’ان کے بیٹے اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات تھے اور ایک ماہ کی چھٹی لے کر کوئٹہ آئے تھے۔ وہ 21 جون کی سہ پہر اپنے ایک دوست سید خلیل الرحمان کے ساتھ گھر سے نکلے اور تب سے ہی لاپتا ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ’دونوں کو 21 جون کو اغوا کر کے اس پہاڑی علاقے میں منتقل کیا گیا تھا جب کہ پولیس کانسٹیبل فریداللہ کاکڑ زیارت کے رہائشی تھے اور پولیس سٹیشن مانگی میں تعینات تھے جنہیں پولیس سٹیشن سے گھر جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغوا کیا جبکہ محمد صادق پانیزئی کا تعلق بھی زیارت سے بتایا جاتا ہے اور انہیں بھی نامعلوم افراد نے ہی اغوا کیا تھا۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article