بلوچستان کے علاقے خاران اور سوراب میں پاکستانی فوج پر دو الگ الگ مسلح حملوں، جبکہ خاران میں کوئٹہ روڈ پر زیرِ تعمیر سڑک منصوبے پر حملے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق خاران کے علاقے نوروز قلات میں خاران-کوئٹہ شاہراہ پر زومی کے مقام پر پاکستانی فوج کے متعدد گاڑیوں پر مشتمل قافلے کو مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔
حملے میں متعدد اہلکاروں کے ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
دوسری جانب سوراب کے علاقے نغاڑ میں کنڈ کے مقام پر بھی پاکستانی فوج پر مسلح حملے کی اطلاع ہے۔
ذرائع کے مطابق فورسز کے اہلکار موٹر سائیکلوں پر گشت کر رہے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا۔
اسی دوران، خاران میں کوئٹہ روڈ پر برشونکی کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے زیرِ تعمیر سڑک منصوبے پر بھی حملہ کر دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والی مشینری کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں مشینری کو شدید نقصان پہنچا۔
اطلاعات کے مطابق حملہ آور ایک گلیڈر گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے، تاہم اس واقعے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
حکام اور سرکاری ذرائع کی جانب سے تاحال ان تمام واقعات کے حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تفصیلات سامنے نہیں آسکے، ناہی کسی تنظیم کی جانب سے ان واقعات کی ذمہ داری قبول کرنے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔