خاران و پنجگور سے 2 نوجوانوں کی لاشیں برآمد

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے خاران اور پنجگور سے 2 نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں گولی مارکر قتل کیا گیا ہے۔

خاران میں نامعلوم مسلح افراد کے اغوا کے بعد ایک کم سن نوجوان کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق یاسر ولد فیض اللہ قوم محمد حسنی، سکنہ خاران شہر، کو جمعہ کے روز بابِ خاران کے مقام سے نامعلوم موٹر سائیکل سوار مسلح افرادنے اغوا کرکے اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

اتوار کی صبح نوجوان کی تشدد زدہ اور گولیوں سے چھلنی لاش نوروز کلات کے علاقے سے برآمد ہوئی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق مقتول کی عمر تقریباً 18 سے 19 سال تھی۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ یاسر کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی یا تنازع نہیں تھا اور وہ دوستوں کے ہمراہ سیر و تفریح کے لیے گھر سے نکلا تھا۔

واقعے کے حوالے سے تاحال سرکاری سطح پر کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ قتل کے محرکات اور ذمہ داروں کے تعین کے لیے مزید معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔

شہری حلقوں نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کی گرفتاری اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب پنجگور کے علاقے جعفر اسکیم میں گریڈ اسٹیشن کے قریب ایک مسخ شدہ لاش برآمد ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے لیا اور شناخت سمیت ضروری قانونی کارروائی کے لیے ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کر دیا۔

لاش کی شناخت نجم ولد عبدالرحیم ساکن وشبود کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article